ایکسپریس میڈیا گروپ کے تعاون سے لندن میں ہونیوالی ’’فیشن پریڈ‘‘ کی تیاریاں مکمل

’’مُستنگ پروڈکشنز‘‘اور’’انسائیکلومیڈیا‘‘ کے اشتراک سے ہونیوالے شومیں ماڈل پاکستانی ڈیزائنر کے ملبوسات کی نمائش کریں گی

فیشن ڈیزائنرز اور فرانس وبرازیل کی ماڈلز دو دن بعد لندن پہنچ جائینگے، سعدیہ صدیقی، امید ہے اس مرتبہ زیادہ بہتررسپانس ملے گا،عمارہ حکمت

''ایکسپریس میڈیا گروپ'' کے تعاون سے برطانیہ کے شہر لندن میں ہونے والی '' فیشن پریڈ'' کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

9 جون کو پاکستان کے معروف ڈیزائنرز کے تیارکردہ ملبوسات کی نئی کولیکشن کے ساتھ انٹرنیشنل ماڈلز ریمپ پر جلوہ گر ہونگی۔ ''مُستنگ پروڈکشنز'' اور''انسائیکلومیڈیا '' کے اشتراک سے ہونے والا فیشن شو لندن کے ''کنگسٹن پیلس'' میں ہوگا جس میں فیشن ورلڈ کی معروف شخصیات شرکت کرینگی۔ بین الاقوامی سطح کے اس شو میں پاکستان کے معروف ڈیزائنر نومی انصاری، زاراشاہ جہاں، فائزہ سمیع، عائشہ ہاشوانی، سحرترین اور نازنین طارق سمیت دیگرشامل ہونگے جب کہ اس شومیں کیٹ واک کرنے کے لیے فرانس ، برطانیہ اوربرازیل سے تعلق رکھنے والی ٹاپ ماڈلز کو سائن کیا گیا ہے۔


لندن سے فون پر''ایکسپریس'' سے بات کرتے ہوئے 'مستنگ پروڈکشنز' کی روح روان سعدیہ صدیقی نے بتایا کہ کنگسٹن پیلس میں پہلی مرتبہ پاکستانی فیشن ڈیزائنرز اپنے ملبوسات متعارف کروائیں گے۔ ہم نے اس شوکے لیے سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔

پاکستان سے فیشن ڈیزائنرز جب کہ فرانس اور برازیل سے تعلق رکھنے والی ماڈلز بھی دو دن بعد لندن پہنچ جائینگے جن کی رہائش کے انتظامات مکمل ہیں اور پھر دو روز کے دوران ریہرسلز بھی کی جائینگی۔ ہم نے اس شو کو ہر لحاظ سے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے خاص انتظامات کررکھے ہیں۔ دوسری طرف انسائیکلو میڈیا کی روح رواں عمارہ حکمت نے کہا کہ پاکستان ڈیزائنرز کی ٹکٹ بک ہوچکی ہیں اور ہم شیڈول کے مطابق یہاں سے برطانیہ روانہ ہونگے۔ ہمیں امید ہے کہ اس مرتبہ گزشتہ برس سے زیادہ بہتر رسپانس ملے گا۔
Load Next Story