ڈی آئی خان انتخابی سکیورٹی پر مامور پولیس موبائل پر بم حملہ 5 اہلکار شہید 4 زخمی

دھماکے کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی، علاقے کی ناکا بندی، سرچ آپریشن شروع

(فوٹو: فائل)

انتخابات کے لیے سکیورٹی پر تعینات ایلیٹ فورس کی موبائل وین پر بم حملے میں 5 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے دھماکے کے بعد فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سےپولیس لائن سے بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا ہے۔


تھانہ کلاچی کی حدود میں ایلیٹ فورس کی موبائل وین پر بم حملے میں سب انسپکٹر سمیت 5 جوان شہید اور 4 زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس حکام بھی جائے وقوع پہنچ گئے۔

حملے کا نشانہ بننے والی پولیس موبائل گرہ اسلم پولنگ اسٹیشن کی سکیورٹی پر تعینات تھی، جس میں سب انسپکٹر خانزادہ اور دیگر اہل کار سوار تھے۔ نامعلوم دہشت گردوں کی ان جانب سے حملے کے بعد اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی ہے۔ واقعے کے بعد شہید اہل کاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کی ناکابندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

شہید ہونے والے اہل کاروں میں سب انسپکٹر سلطان یوسف خان، ڈرائیور ذیشان ' کانسٹیبل محمد صابر'کانسٹیبل اسرار احمد اور کانسٹیبل علی محمد شامل ہیں جب کہ زخمی اہل کاروں میں جہان دوست' دوست محمد' مشتاق وغیرہ شامل ہیں۔
Load Next Story