ن لیگ نے آزاد امیدواروں سے رابطے کیلیے کمیٹی قائم کردی

آزاد اراکین اسمبلی کو ن لیگ میں شمولیت اور مختلف وزارتوں و محکموں کی سربراہی سمیت دیگر ترغیبات دی جائیں گی

(فوٹو: فائل)

مسلم لیگ ن کی جانب سے انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں سے رابطے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

لیگی پارٹی ذرائع کا دعویٰ ےہ کہ ن لیگ پنجاب اور مرکز میں سب سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔ مسلم لیگ ن بطور جماعت وفاق میں قومی اسمبلی کی 73 نشستیں جیت کر سب سے آگے ہے جب کہ پیپلزپارٹی قومی اسمبلی کی 53 نشستوں کے ساتھ بطور سیاسی جماعت دوسرے نمبر پر ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: شہباز شریف اور آصف زرداری کا وفاق میں مخلوط حکومت بنانے پر اتفاق

مسلم لیگ ن نے وفاق میں ''پی ڈی ایم ٹو'' بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا۔ پارٹی قائد نواز شریف کی ہدایت پر ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے سابقہ اتحادی جماعتوں سے رابطے شروع کردیے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ شب پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے تفصیلی ملاقات کی بھی کی تھی، جس میں وفاق میں مشترکہ حکومت سازی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پنجاب میں بھی مشترکہ حکومت بنانے کے معاملات زیر بحث آئے۔


علاوہ ازیں شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی ٹیلی فونک رابطے کیے۔شہباز شریف آج دوبارہ ان شخصیات سے رابطے کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کا حکومت سازی کیلئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان سے رابطہ

دوسری جانب عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں سے رابطے کے لیے ن لیگ کی جانب سے کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ اور ایاز صادق کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن کی کمیٹی آزاد اراکین سے رابطے کرے گی، جنہیں مسلم لیگ ن میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت اور ترغیب دی جائے گی۔

مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے آزاد اراکین کو وزارتوں، مختلف محکموں کی سربراہی سمیت دیگر ترغیبات دی جائیں گی۔
Load Next Story