وزیراعظم نے 10 کروڑ غریبوں کیلئے ہیلتھ انشورنس اسکیم کی منظوری دیدی

محروم طبقے کو نہ صرف بلا معاوضہ صحت کی سہولتیں حاصل ہونگی بلکہ جدید ہیلتھ انفرااسٹرکچرکوبھی ترقی ملے گی، وزیر اعظم

تجارت برادرانہ روابط سے ہم آہنگ ہونی چاہیے،سعودی سفیر سے گفتگو، قائداعظم میڈل دینے کا اعلان،کینیڈین ہائی کمشنرکی بھی ملاقات۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف نے ملک کے10کروڑ غریب ترین افرادکے لئے مرحلہ وارنیشنل ہیلتھ انشورنس اسکیم کی منظوری دیدی ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیرخزانہ سینیٹراسحق ڈار، وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نواز، وزیرمملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑاور وزارت صحت اوروزارت خزانہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ نوازشریف نے کہاکہ ہیلتھ انشورنس پروگرام معاشرے کے معاشی طورپر پسماندہ لوگوں کوصحت کے تحفظ کی فراہمی کا واحد راستہ ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی اسکیم ہے جس نے شکایات کے حل پر مبنی نظام کے ساتھ غریب ترین افراد کے لیے سماجی تحفظ کانظام متعارف کرایاہے۔


اس پروگرام کے نتیجے میںمحروم معیشت طبقے کونہ صرف بلامعاوضہ صحت کی سہولتیںتک رسائی حاصل ہوگی بلکہ جدیدہیلتھ انفرااسٹرکچر کوترقی دینے میںبھی مددملے گی۔ یہ اسکیم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کوفروغ دے گی اوراس سے سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیںگی۔ اس موقع پر مریم نوازنے بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا کہ یہ اسکیم سادہ خطوط پر استوار کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لاگت کی بچت یقینی بنائی جاسکے۔

اسکیم کے تحت ملک کے غریب لوگوںکو دل سے متعلق امراض، ذیابیطس، ہیپاٹائٹس، اعضا کا فیل ہو جانا اور کینسر جیسے بڑے امراض کے مفت علاج معالجے کی سہولتیںفراہم کی جائیں گی۔ سعودی عرب کے سبکدوش سفیرڈاکٹر عبدالعزیز الغدیرسے ملاقات میںنواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے خادمین حرمین شریفین شاہ عبداﷲ کی صحت اوردرازی عمراور سعودی عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے نیک خواہشات کابھی اظہارکیا۔ ڈاکٹر عبدالعزیز الغدیرکی خدمات کے اعتراف میں وزیراعظم نے صدر مملکت کو انھیں قائداعظم میڈل عطا کرنے کی بھی سفارش کی۔ کینیڈاکے ہائی کمشنرگریک گیوکاس سے گفتگومیں نوازشریف نے کہاکہ موجودہ حکومت نے سرمایہ کاردوست پالیسیاں وضع کی ہیںاور وہ مختلف شعبوں بالخصوص توانائی کے شعبوںمیں غیرملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گی۔
Load Next Story