موجودہ فلموں میں ولن کا کردار ختم ہوگیا پریم چوپڑا

اب ہیرو خود ہی ولن بن رہے ہیں، آخری بار فلم ’’ایجنٹ ونود‘‘ میں ڈان کا کردار کیا تھا

گوالمنڈی میں اپنا گھر دیکھنے کو بیتاب ہوں، جلد لاہور آئوں گا، ایکسپریس سے گفتگو فوٹو: فائل

موجودہ فلموں میں ولن کا کردار ختم ہوگیا، اب ہیرو خود ہی ولن بن رہے ہیں۔


آخری بار فلم ''ایجنٹ ونود'' میں ڈان کا کردار کیا۔ ان خیالات کا اظہار معروف اداکارپریم چوپڑا نے ممبئی سے نمائندہ ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ پریم چوپڑا نے کہا پہلے فلموں میں ہیرو ، ہیروئن کے ساتھ ولن کا کردار ضرور شامل ہوتا تھا جس کے بغیر کوئی پروڈیوسر یا ڈائریکٹر فلم بنانے کا تصور بھی نہیں کرتا تھا ، اسی لیے جیون ، پران ، امجد خان ، قادر خان ، امریش پوری ، انوپم کھیر ، رنجیت ، شکتی کپور ،گلشن گروور ، پاریش راول اور میرے سمیت بہت سے فنکار اپنے نیگیٹو کرداروں سے پہچانے جاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 2012ء میں سیف علی خان کی فلم ''ایجنٹ ونود'' میں ڈیوڈ قازان کا کردار نبھایا تھا مگر بعدازاں اسے مختصر کردیا گیا اس کے باوجود پسند کیا گیا ۔اب تو فلموں میں دادا کے کردار ہی نبھا رہا ہوں، ایک سوال کے جواب میں پریم چوپڑا نے کہا کہ بالی وڈ فلموں میں ولن کے کردار کو دوبارہ سے نمایاں کیا جانے لگا ہے ، ان دنوں پرکاش راج ولن کے رول میں چھائے ہوئے ہیں مگر پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز اسے ایک ہی طرح کے کردار میں دکھا کر ضائع کر رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ لاہور گوالمنڈی میں اپنا آبائی گھر دیکھنے کے لیے بے تاب ہوں اور جلد ہی آنے کا پروگرام بنا رہا ہوں۔
Load Next Story