کراچی میں ٹینکر ڈرائیور نے ڈکیتوں کو واردات کے دوران کچل دیا

ہلاک ڈکیت کا ساتھی موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا

 ( فوٹو؛ فائل )

اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں شہری سے موٹر سائیکل چھینے والے ڈکیتوں پر نامعلوم ٹینکر ڈرائیور نے ٹینکر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں ایک ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن گلشن بہار بیت النور مسجد کے قریب شہری سے موٹر سائیکل چھیننے والے ڈکیتوں پر نامعلوم ٹینکر ڈرائیور نے ٹینکر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں ایک ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک ہونے والے ڈکیت کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی۔


ایس ایچ او پاکستان بازار نفیس الرحمن نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈکیت کی شناخت عالم عرف بالا عرف کالا ولد محبوب عالم کے نام سے کی گئی ہے، ہلاک ڈکیت کے قبضے سے اسلحہ اور 4 گولیوں بھی ملی ہیں۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ہلاک ڈکیت اور اس کا ساتھی گلشن بہار بیت النور مسجد کے قریب رئیس امروہی کالونی کے رہائشی محمد سلیمان سے موٹر سائیکل چھین رہے تھے جس پر نوجوان کی جانب سے مزاحمت کی جا رہی تھی، اسی دوران اونچائی سے آنے والے نامعلوم ٹینکر ڈرائیور نے واردات دیکھتے ہوئے ڈکیتوں پر ٹینکر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں ایک ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ جائے وقوع سے شہری اور ڈاکوؤں کے زیر استعمال دونوں موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں ہیں۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ہلاک ڈکیت کے خلاف پاکستان بازار تھانے میں قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلے، ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں جس میں ہلاک ڈکیت گرفتار ہوکر جیل بھی جا چکا تھا، ہلاک ڈکیت کے خلاف دیگر تھانوں میں درج مقدمات کی تفصیل حاصل کی جا رہی ہے۔ ہلاک ڈکیت کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Load Next Story