2023 میں امیگریشن کے دوران 2 ہزار 935 اسٹاپ لسٹ کیسزپر کامیاب کارروائی کی ایف آئی اے

امیگریشن نے 29 بین الاقوامی آمد و روانگی کی چیک پوسٹوں پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 95 لاکھ مسافروں کو پروسیس کیا، حکام

ایف آئی اے کے مطابق ایک کروڑ 95 لاکھ مسافروں کی امیگریشن کلیئرینس ہوئی—فائل: فوٹو

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے کہا ہے کہ 2023 میں بین الاقوامی آمد اور روانگی چیک پوسٹوں پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 95 لاکھ مسافروں کی امیگریشن کلیئرینس کی اور اس دوران انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے دو ہزار 935 اسٹاپ لسٹ کیسز کا کامیابی سے سراغ لگا کر قانون کے مطابق کارروائی کی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف ائی اے امیگریشن نے ملک بھر میں 29 بین الاقوامی آمد و روانگی کی امیگریشن چیک پوسٹوں پر 2023 کے دوران مجموعی طور پر ایک کروڑ 95 لاکھ مسافروں کو کامیابی سے پروسیس کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 2023 کے دوران 92 لاکھ مسافروں میں سے 71 پاکستانی اور 21 لاکھ غیر ملکی پاکستان آئے جبکہ ایک کروڑ 3 لاکھ مسافروں میں سے 81 لاکھ پاکستانی اور 22 لاکھ غیر ملکی پاکستان سے باہر گئے۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ سب سے زیادہ 36 لاکھ پاکستانیوں نے بیرون ملک آمد و روانگی کے لیے لاہور ائرپورٹ سے سفر کیا، اسلام آباد ائرپورٹ سے 35 لاکھ پاکستانی بیرون ملک گئے جبکہ سب سے زیادہ 11 لاکھ غیر ملکیوں نے آمد و روانگی کے لیے اسلام آباد ائرپورٹ استعمال کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایف آئی اے نے انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کے تحت سال کے دوران دو ہزار 935 اسٹاپ لسٹ کیسز کا کامیابی سے سراغ لگا کر قانون کے مطابق کارروائی کی۔


کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ انسانی اسمگلروں کے خلاف مہم کے تحت ایف آئی اے نے ملک بھر میں خصوصی کارروائیاں کیں اور ایک ہزار 602 انسانی اسمگلروں اور 25 انتہائی مطلوب انسانی اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ انسانی اسمگلروں کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن اور بہترین حکمت عملی کے نتیجے میں امریکی محکمہ خارجہ نے اپنی سالانہ ٹریفکنگ ان پرسنز (ٹی آئی پی) رپورٹ 2023 میں پاکستان کی حیثیت کو ٹییئر 2 میں برقرار رکھا۔

اسی طرح گزشتہ سال کے دوران ایک ہزار 129 مسافروں کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کر کے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ عمرے کی آڑ میں جانے والے بھکاریوں اور یونان کشتی حادثے جیسے ہولناک واقعات کی روک تھام کے لیے ائرپورٹس پر سخت اسکریننگ کا آغاز کیا گیا، مسافروں کی پروفائلنگ کے حوالے سے امیگریشن حکام کے لیے خصوصی ٹریننگ کاانعقاد بھی سرفہرست ہے۔

مزید بتایا کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے امیگریشن نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مسافروں کے سامان کی چیکنگ بھی یقینی بنائی ہے۔
Load Next Story