موجودہ بجٹ پاکستان کی معیشت پر سب سے بڑا ڈاکا ہے اسد عمر

بھارتی سرمایہ کاروں پر20 اورمقامی سرمایہ کاروں پر33 فیصد ٹیکس ظلم ہے، دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا، رہنما پی ٹی آئی

معشیت کی سمجھ بوجھ رکھنے والے افراد جانتے ہیں کہ قوم سے جھوٹ بولا جارہا ہے، اسدعمر فوٹو:فائل

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ موجودہ بجٹ پاکستان کی معیشت پر سب سے بڑا ڈاکا ہے جب کہ ایک سال کے دوران ملکی تاریخ میں سب سے کم ترین سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔



اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال مئی کے مہینے میں افراط زر 5.2 فیصد تھا جو 60 فیصد بڑھ کر 8.2 فیصد ہوگیا جب کہ حکومت نے گروتھ ریٹ ٹارگٹ 4.4 رکھا تھا جسے وہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی سمجھ بوجھ رکھنے والے افراد جانتے ہیں کہ قوم سے جھوٹ بولا جارہا ہے، اگر کوئی بھارتی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کرے گا تو اسے 20 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور اگر کوئی پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے تو اس پر 33 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے، دنیا کے کسی ملک میں اس طرح نہیں ہوتا، حکومت امیر کو امیر تر اور غریب اور متوسط طبقے کو اندھیروں میں دھکیلنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔


پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک سال کے دوران ملکی تاریخ کی سب سے کم سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جب کہ گزشتہ حکومت میں بھی سرمایہ کاری کی شرح 3.8 فیصد سے کم نہیں ہوئی، موجودہ حکومت نے عوام پر نئے ٹیکس لگاتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں 78 فیصد اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران وزیراعلی شہباز شریف نے کہا تھا کہ ملک میں 500 ارب روپے ٹیکس چوری کی نذر ہورہے ہیں لیکن حکومت نے ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے عوام پر نت نئے ٹیکس لگا دیئے جب کہ ایک سال کے دوران ٹیکس چوروں سے صرف 10 کروڑ روپے وصول کئے گئے۔


اسد عمر نے وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا کہ حکومت نے اسٹیل مل کی 200 ایکٹر زمین پرائیوٹ کمپنی کو دے دی جس میں قطر اور چین کی سرمایہ کاری ہے جب کہ وہ زمین جو 50 لاکھ روپے فی ایکٹر کے حساب سے فروخت ہونا تھی اسے 25 لاکھ فی ایکٹر میں لیز پر دیا گیا، حکومت بتائے کہ قومی خزانے کو بے دردی سے کیوں لوٹا جارہا ہے۔

Load Next Story