الطاف حسین کا حمایت میں آواز بلند کرنے پر سیاسی رہنماؤں سے اظہار تشکر
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہائی کے بعد سابق صدر پرویز مشرف، سابق وزرائے اعظم راجا پرویز اشرف، چوہدری شجاعت اور شوکت عزیز کو ٹیلی فون کرکے حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سیاسی رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور گرفتاری کے وقت ان کی حمیات میں آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کیا جب کہ سیاسی رہنماؤں نے الطاف حسین کی خیریت دریافت کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پوری قوم نے سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر آپ کے لئے دعائیں کیں اور اللہ تعالی نے آپ کو سرخرو کیا جب کہ حراست کے دوران پورا پاکستان آپ کے لئے فکر مند تھا۔ چوہدری شجاعت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے آپ کی صحت یابی کے لئے بہت دعائیں کیں یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے آپ پر اپنا فضل و کرم کیا۔
علاوہ ازیں سابق صدر پرویز مشرف نے الطاف حسین کی رہائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ محبت کےقابل ہیں اور دوران حراست ہرفرد نے آپ کیلیےاچھےجذبات کا اظہار کیا، ہماری دعائیں ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں۔ الطاف حسین نے حراست کے دوران سیاسی رہنماؤں کی جانب سے حمایت میں آواز بلند کرنے پر ان کا شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے میرے لئے دعائیں کیں جس کی بدولت آج صحت یاب ہوں۔