وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے منصب کا حلف اٹھالیا

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مراد علی شاہ سے صوبے کے 25 ویں وزارت اعلیٰ کا حلف لیا

گورنر ہاؤس کراچی میں تقریب حلف برداری منعقد ہوئی—فوٹو: ایکسپریس نیوز

پاکستان پیپلزپارٹی کے سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، وہ تیسری مرتبہ اس عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔

گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مراد علی شاہ سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیا، اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر، پی پی پی رہنماؤں اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور قونصل جنرل سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔


سندھ اسمبلی میں گزشتہ روز وزیراعلیٰ کے لیے مراد علی شاہ اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے امیدوار علی خورشیدی کے درمیان مقابلہ ہوا تھا جہاں مراد علی شاہ نے 148 میں سے 112 جبکہ ایم کیو ایم کے امیدوار نے 36 ووٹ حاصل کیے تھے۔

اس سے قبل پیپلزپارٹی کے سید اویس شاہ اسپیکر اور انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ مراد علی شاہ مسلسل تیسری مرتبہ سندھ کے وزیراعلیٰ بنے ہیں جبکہ وہ مجموعی طور پر سندھ کے 25 ویں وزیراعلیٰ ہیں۔
Load Next Story