کراچی ایئر پورٹ کے قریب اے ایس ایف کیمپ پر دہشت گردوں کی فائرنگ

دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں عارضی طور پر معطل کیا جانے والا فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کر دیا گیا

فائرنگ سے پورا علاقہ گونج اٹھا اور علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

ایئر پورٹ کے قریب دہشت گردوں نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے کیمپ پر فائرنگ کردی جب کہ اے ایس ایف اہلکاروں کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجےمیں حملہ آور فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دہشت گردوں نے کراچی ایئرپورٹ سے متصل اے ایس ایف کے کیمپ نمبر 2 پر دھاوا بول دیا جب کہ اے ایس ایف، رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی۔ اے ایس ایف ذرائع کا کہنا ہے گاڑی میں 5 حملہ آوروں نے پہلوان گوٹھ اور کچی آبادی والے علاقے سے ایئرپورٹ پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ حملے کے دوران فائرنگ سے پورا علاقہ گونج اٹھا جب کہ علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔


سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا ہے جب کہ حملہ آور گلستان جوہر کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے جس مقام سے حملہ کیا سیکیورٹی فورسز نے اس کا محاصرہ کر کے دہشت گردوں کی تلاش کے لئے آپریشن شروع جب کہ علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں عارضی طور پر معطل کیا جانے والا فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے رہنما خالد عمر خراسانی کے نے اپنے ایک پیغام میں کراچی میں اے ایس ایف اکیڈمی پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایک بار پھر ایئرپورٹ میں آگئے ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھی جدید ہتھیاروں سے لیس 10 دہشت گردوں نے کراچی ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں اے ایس ایف، رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد جاں بحق جب کہ 10 حملہ آور مارے گئے تھے۔
Load Next Story