کراچی سمیت سندھ بھر میں پولیس ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا

ایئرپورٹس،ریلوے اسٹیشنز اور دیگر حساس مقامات پر کمانڈوز تعینات کردیئے گئے،آئی جی سندھ

شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے،اقبال محمود۔ فوٹو: فائل

ایئرپورٹ پر حملے کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں پولیس ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت حساس مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی سندھ اقبال محمود کا کہنا ہےکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں پولیس ریڈ الرٹ جاری کرکے حساس مقامات کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ آئی جی سندھ کے مطابق حساس مقامات اور اہم عمارتوں کے لیے پلان تیار کرلیا گیا ہے جس کے تحت ایئرپورٹس،ریلوے اسٹیشنز اور دیگر حساس مقامات پر کمانڈوز تعینات کردیئے گئے ہیں جبکہ مساجد ،امام بارگاہوں ،شاپنگ سینٹرز اور دیگر مقامات پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔


آئی جی سندھ اقبال محمود کا کہنا تھا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے جبکہ سینٹرل جیل کی سکیورٹی کو بھی مزید بہتر بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب کمشنر کراچی ایڈمنسٹریٹر اور آئی جی جیل خانہ جات نے سنٹرل جیل کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات نے جیل حکام کو سکیورٹی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کے لیے ہدایات دیں۔

واضح رہے کہ 8 جون کو کراچی ایئرپورٹ پر ہونےوالے حملے کے بعد آج پھر دہشت گردوں کی جانب سے اے ایس ایف کے کیمپ پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
Load Next Story