انسٹاگرام نے ٹک ٹاک کو پیچھے چھوڑ دیا

انسٹاگرام نے 2023 میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ کا اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے ٹک ٹاک کو پیچھے چھوڑ دیا

فوٹو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے 2023 میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ کا اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے ٹک ٹاک کو پیچھے چھوڑ دیا۔

سینسر ٹاور سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کے مطابق سال 2022 کے مقابلے میں گزشتہ برس انسٹاگرام کے ڈاؤن لوڈ ہونے کی کل تعداد 20 فیصد بڑھ کر 76 کروڑ 80 لاکھ تک پہنچ گئی۔ اس دوران ٹِک ٹاک کی ڈاؤن لوڈ ہونے کی تعداد 4 فیصد اضافے کے بعد 73 کروڑ 30 لاکھ تک پہنچی۔

سینسر ٹاور کے ایک عہدے دار ابراہیم یوسف کا کہنا تھا کہ انسٹاگرام نے خود کو حالات کے مطابق ڈھالنے کے اعتبار سے ٹک ٹاک کو گزشتہ چند سالوں میں مات دی ہے۔


چینی ٹیکنالوجی کمپنی بائٹ ڈانس نے ٹک ٹاک ایپ 2016 میں لانچ کی تھی۔ بعد ازاں کمپنی نے 80 کروڑ ڈالر میں سوشل میڈیا سائٹ میوزیکل ڈاٹ لی کو خرید کر ایپ میں ضم کر لیا تھا جس کے بعد ٹک ٹاک امریکا میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ بن گئی تھی۔

سینسر ٹاور کے مطابق 2018 کے ابتدائی شش ماہی میں ٹک ٹاک صرف ایپل کے ایپ اسٹور سے 10 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کی گئی تھی۔

2020 میں کوویڈ وباء کے دوران ٹک ٹاک مقبولیت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا۔ اس ہی سال انسٹاگرام نے 'ریلز' فیچر متعارف کرایا جو ٹک ٹاک کی طرح جینریشن زی کو پلیٹ فارم سے جوڑے رکھنے کی ایک کوشش تھی۔

2021 اور 2022 میں ٹک ٹاک کی انسٹاگرام پر برتری میں کمی واقع ہوئی۔ 2023 کے آخری تین مہینوں میں انسٹاگرام میں 1 کروڑ 30 لاکھ نئے فعال صارفین کا اضافہ ہوا جبکہ اس دوران 1 کروڑ 20 لاکھ صارفین نے ٹک ٹاک کو چھوڑا اور پلیٹ فارم نے 2023 کو 112 کروڑ فعال صارفین کے ساتھ ختم کیا۔
Load Next Story