داسو ڈیم کیلئےعالمی بینک رقم دےگا جبکہ ديامر بھاشا ڈيم اپنے وسائل سے بنائیں گے اسحاق ڈار

پاکستان اس روشن مستقبل کی جانب گامزن ہے اس کی نشاندہی قائداعظم اور علامہ اقبال نے کی تھی، وفاقی وزیر خزانہ

عالمی برادری نے مان لیا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے ہمیں کسی ملک کے این او سی کی ضرورت نہیں، اسحاق ڈار فوٹو: آئی این پی/فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ عالمی بينک نے داسو ڈيم كی تعمير كے لئے 58 کروڑ ڈالر كی منظوری دے دی ہے جبکہ ديامر بھاشا ڈيم اپنے وسائل سے تعمير كريں گے۔


قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ ماضی میں ایک ہی منصوبے کا کئی مرتبہ سنگ بنیاد رکھا جاتا تھا، اس کے بعد حکمران کو برسوں تک اس کا خیال تک نہیں آتا تھا لیکن موجودہ حکومت کسی بھی منصوبے پر پہلے اپنا کام مکمل کرتی ہے اس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اس کا افتتاح کرتے ہیں۔ پاکستان اس روشن اور خود مختار مستقبل کی جانب گامزن ہے اس کی نشاندہی قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے کی تھی۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کچھ برس قبل عالمی اداروں نے انہیں کہا تھا کہ ہم دیامر بھاشا یا داسو ڈیم میں میں کوئی ایک بنائیں لیکن حکومت داسو اور دیامربھاشا ڈیم دونوں منصوبے بنائے گی اور دونوں منصوبوں سے 9ہزار میگا واٹ بجلی ملے گی۔ حکومت دیامر بھاشا ڈیم کو اپنے وسائل سے تیار کرے گی اس سلسلے میں زمین کی خریداری کے لئے رقم مختص بھی کردی گئی ہے۔ عالمی برادری نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے ہمیں کسی ملک کے این او سی کی ضرورت نہیں۔ یہ مسلم لیگ (ن) کا نہیں پوری قوم کا منصوبہ ہے،یہ منصوبہ خیبرپختونخوا میں ہے پنجاب میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک نے داسو ڈیم منصوبے کو منظورکرلیا ہے اس پر 58کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی لاگت آئے گی۔
Load Next Story