کراچی ایئرپورٹ کے کولڈ اسٹوریج میں ہلاکتوں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

ایئرکموڈور نورالٰہیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی

کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد نجی کارگو سروس کے 7 ملازمین کولڈ اسٹوریج میں پھنس گئے تھے، فوٹو : اے ایف پی/فائل

لاہور:
وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی نے کراچی ایئرپورٹ کے کارگو کمپلیکس میں 7 افراد کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی شجاعت عظیم نے کراچی ایئرپورٹ پر واقع نجی کارگو کمپلیکس کے کولڈ اسٹوریج میں 7 افراد کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے 3رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی کے سربراہ ایئرکموڈور نورالٰہیٰ ہوں گے جو واقعے کی تحقیقات کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ریسکیو آپریشن کر کے مکمل کلیئر قراردے دیا گیا تھا جبکہ نجی کارگو سروس کے 7 ملازمین کولڈ اسٹوریج میں پھنسے ہوئے تھے جن کو بحفاظت باہر نکالنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے تاہم ایکسپریس نیوز نے اپنی خصوصی نشریات کے ذریعے اعلیٰ حکام کی اس جانب توجہ دلائی جس کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی تاہم اس وقت تک کولڈ اسٹوریج میں پھنسے تمام افراد دم توڑ چکے تھے۔
Load Next Story