کراچی گریس مارکس کے بعد انٹر سال اول کامرس گروپ کے 42 فیصد طلبا کامیاب

فیکٹ فائنڈنک کمیٹی نے سائنس فیکلٹی کی طرز پر کامرس ریگولر گروپ میں بھی طلبا کو گریس مارکس دینے کی سفارش کی تھی

(فوٹو: فائل)

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء کے کامرس ریگولر گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارش پر گریس مارکس دینے سے کامیاب طلبا کی شرح 34 سے بڑھ کر 42 فیصد ہوگئی۔

انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء کے کامرس ریگولر گروپ کے نتائج میں کامیابی کی شرح انتہائی کم تھی جس کے بعد فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارش پر سائنس فیکلٹی کی طرز پر کامرس ریگولر گروپ میں بھی چار متعلقہ مضامین میں طلبا کو گریس مارکس دیے گئے ہیں، بورڈ کے اس اقدام سے کامرس ریگولر کا نتیجہ 34 فیصد سے بڑھ کر 42 فیصد ہوگیا ہے۔

بورڈ اعلامیے کے مطابق کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 35ہزار 432امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 34ہزار 198 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔

ان امتحانات میں 14ہزار 639 امیدواروں نے تمام سات پرچوں میں، 6ہزار 770 نے 6 پرچوں میں، 4 ہزار 279 نے پانچ پرچوں میں، 2ہزار 848 نے چار پرچوں میں، 2ہزار 24 نے تین پرچوں میں، 1ہزار 672 نے دو پرچوں میں جبکہ 1ہزار 290 امیدواروں نے ایک پرچے میں کامیابی حاصل کی۔ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر بھی اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔


بورڈ اعلامیے کے مطابق چیئرمین انٹربورڈ کی ہدایت پر بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے کامرس ریگولر گروپ کے چار پرچوں پرنسپل آف اکاؤنٹنگ، پرنسپل آف کامرس، پرنسپل آف اکنامکس اور بزنس میتھمیٹکس میں طالب علموں کو 15فیصد تک گریس مارکس دیے گئے ہیں۔

قبل ازیں کامرس گروپ کے پرچوں میں کچھ جگہوں پر سخت مارکنگ اور پرچوں میں ایم سی کیوز کا 60 فیصد اور 40فیصد کے تناسب کی وجوہات کی بنا پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کا تناسب کم آرہا تھا جس پر چیئرمین انٹربورڈ نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے نگراں وزیراعلیٰ سندھ / کنٹرولنگ اتھارٹی سندھ ایجوکیشنل بورڈزنے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل کے نتائج پر طلبا کی شکایات پر ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کی تھی جس نے سائنس گروپ کے چار مضامین میں طلبا کو 15فیصد تک گریس مارکس دینے کی سفارش کی تھی۔

سائنس گروپ کے بعد کامرس ریگولر کے بھی چار مضامین میں 15 فیصد تک گریس مارکس دینے سے دونوں گروپس کے طلبا کو یکساں فائدہ مل گیا ہے۔ علاوہ ازیں سائنس گروپ کے طلبا کی ترمیم شدہ مارکس شیٹس بھی اگلے ہفتے کالجوں کو بھیج دی جائیں گی۔
Load Next Story