کراچی پر ڈکیتوں کا راج مزاحمت پر 6 شہری زخمی مقابلوں میں 7 ڈاکو گرفتار

مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرمنلز اور پولیس کے درمیان مقابلہ، 2 ملزمان رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہوئے

(فوٹو: فائل)

شہر قائد میں ڈکیتوں کی کھلے عام وارداتیں اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔ تازہ واقعات میں مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے 4 شہریوں کو گولی مار کر زخمی کردیا۔ علاوہ ازیں پولیس مقابلوں میں 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔


پولیس کے مطابق عیسی نگری اور واٹر پمپ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر 4 شہری زخمی ہوگئے ۔ عیسیٰ نگری بکرا پیڑی کے قریب 2 مسلح ملزمان نےشہریوں سے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا ۔


زخمیوں کو فرحان اور شعیب کے نام سے شناخت کیا گیا ہے ۔ مسلح ملزمان دونوں شہریوں سے نقدی او موبائل فون لوٹ کر فرار ہوئے ہیں جب کہ دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔


واٹر پمپ کے قریب مسلح ملزمان نے کم عمر نوجوانوں کو لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر دونوں کو زخمی کردیا ۔ عظیم آملہ نے مسلح ملزمان سے مزاحمت کی تو ملزمان نے دونوں افراد کو زخمی کردیا۔ ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کرکے فرار ہوگئے ۔



دریں اثنا اورنگی ٹاؤن پونے 5 نمبر کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 35 سالہ عمر رحمٰن کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جب کہ سعود آباد کے علاقے ملیر کالا بورڈ بلاک بی میں فائرنگ کے واقعے میں 43 سالہ محمد ناصر نامی شخص زخمی ہوگیا ۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے ۔


دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلوں میں 5 ڈاکو زخمی ہوگئے ۔


پولیس کے مطابق بغدادی (لیاری) کے علاقے میں مسلح ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کی کوشش میں مصروف تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو مسلح ملزمان شاہجہاں اور مراد نے پولیس پر فائرنگ کردی جس کے بعد جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے ۔


نیو کراچی انڈسٹریل ایریا اور گلبرگ کے علاقوں میں بھی پولیس نے 3 ڈاکوئوں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے ۔


دریں اثنا رینجرز نے سائٹ کے علاقے سیمنز چورنگی کے قریب دوران چیکنگ ایک مشتبہ موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے موٹر سائیکل روکنے کے بجائے رفتار بڑھا دی۔ رینجرز نے تعاقب کے بعد 2ملزمان صفدر اور ابراہیم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ رینجرز کے مطابق ملزمان ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ رینجرز نے ملزمان کو تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کردیا ۔

Load Next Story