بھارت میں عام انتخابات 19 اپریل کو آغاز اور 4 جون کو نتائج کا اعلان ہوگا

لوک سبھا کے انتخابات 7 مرحلوں میں مکمل ہوں گے اور 2100 مبصرین انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے، چیف الیکشن کمشنر

بھارت میں عام انتخابات 7 مرحلوں میں مکمل ہوں گے—فائل: فوٹو/ رائٹرز

بھارت میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا، جس کے تحت 19 اپریل کو انتخابات کا آغاز ہوگا اور 4 جون کو حتمی نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے نئی دہلی میں نیوز کانفرنس کے دوران شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پارلیمانی انتخابات 7 مرحلوں میں مکمل ہوں گے اور ووٹنگ کا عمل ختم ہونے کے 3 روز بعد 4 جون کو نتائج آئیں گے۔


بھارت کے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کا عمل بھی 4 جون تک مکمل ہوجائے گا اور انتخابی عمل کی نگرانی دو ہزار 100 مبصرین کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے مطابق 96 کروڑ 80 لاکھ ووٹر رجسٹرڈ ہیں، جس میں ایک کروڑ 80 لاکھ نئے ووٹرز بھی شامل ہیں اور یہ ووٹرز لوک سبھا کے 543 ارکان منتخب کریں گے۔

لوک سبھا کے انتخابات کے شیڈول کے اجرا کے موقع پر حکام نے آندھرا پردیش، سکم، اروناچل پردیش اور اڑیسہ میں ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کا بھی اعلان کردیا۔
Load Next Story