رمضان المبارک میں دینِ اسلام قبول کیا بھارتی اداکار

شروعات میں زورہ رکھنے میں بہت مشکل ہوتی تھی، بھارتی اداکار ویوین

بھارتی اداکار نے مصری خاتون صحافی سے شادی کی : فوٹو : فائل

بھارتی ٹیلی وژن انڈسٹری کے معروف اداکار ویوین ڈیسینا نے کہا ہے کہ اُنہوں نے کچھ سال قبل ماہِ رمضان میں اسلام قبول کیا تھا کیونکہ یہ مقدس مہینہ اُن کے دل کے بہت قریب ہے۔

ویوین ڈیسینا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد یہ میری زندگی کا چھٹا رمضان ہے، میں اللہ کے فضل و کرم سے پورے 30 روزے رکھتا ہوں اور اس بابرکت مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت بھی کرتا ہوں۔

اداکار نے کہا کہ تمام مسلمانوں پر رمضان کے 30 رکھنا فرض ہیں کیونکہ یہ اسلام کے بنیادی پانچ ارکان میں سے ایک ہے لیکن کسی عذر یا بیماری کی صورت میں ہم روزہ چھوڑ سکتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں شادی کے بعد بحرین منتقل ہوگیا ہوں تو میری کوشش ہوتی ہے کہ میں ماہِ رمضان اپنے اہلخانہ کے ساتھ بحرین میں گزاروں لیکن اگر مجھے بھارت میں کسی پراجیکٹ میں کام کرنا ہوتا ہے تو پھر مجبوری میں اہلخانہ سے دور رہنا پڑتا ہے۔


مزید پڑھیں: ہالی ووڈ اسٹار ول اسمتھ کا ماہِ رمضان میں حرف بہ حرف قرآن پاک پڑھنے کا انکشاف

ویوین نے پہلی بار روزہ رکھنے کے تجربے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ شروعات میں زورہ رکھنے میں بہت مشکل ہوتی تھی کیونکہ میں پانی اور کافی کے بغیر نہیں رہ سکتا تھا لیکن اب وقت کے ساتھ عادت ہوگئی اور سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ نے ہمت دی ہے۔

اداکار نے اللہ کا شُکر ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکرگزار ہوں جس نے مجھے ہدایت دی کہ میں دینِ اسلام میں آسکوں اور پھر میرے نصیب میں بہترین اہلخانہ اور نیک بیوی لکھی۔

واضح رہے کہ ویوین ڈیسینا نے مصری خاتون صحافی نوران علی سے شادی کی، وہ شادی کے بعد بحرین منتقل ہوگئے ہیں لیکن کام کے سلسلے میں اکثر بھارت میں بھی رہتے ہیں۔
Load Next Story