سائفر کے معاملے پرامریکا نے آج عمران خان کو سرٹیفائیڈ جھوٹا قرار دیدیا وفاقی وزیراطلاعات

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کو بدنام کرنے کی سازش کی، ہمیشہ جھوٹ بولا اور پھر یو ٹرن لیا، عطااللہ تارڑ

عطااللہ تارڑ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہے تھے—فائل: فوٹو

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڈ نے امریکی ایوان نمائندگان کی ذیلی کمیٹی میں ڈونلڈ لو کے سائفر کے حوالے سے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج امریکا نے سائفر کے معاملے پر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو سرٹیفائیڈ جھوٹا قرار دے دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پوری قوم کو جھوٹ بول کر گمراہ کیا، پاکستان کے عالمی سطح پر تعلقات کو متاثر کرنے کی کوشش کی اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنے سیاسی بیانیے کو فروغ دینے کے لیے ریاست کو داﺅ پر لگایا۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے ریاست کے مفاد پر اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دی، پاکستان کی تاریخ میں ایسا بہت کم ہوا ہے کہ کوئی بھی سیاسی لیڈر اپنی ذاتی انا کی تسکین کے لیے قومی مفاد کو داﺅ پر لگا دے، انہوں نے پوری قوم سے جھوٹ بول کر ایسا بیانیہ گھڑا جس میں رتی برابر بھی حقیقت نہیں تھی، جھوٹ کا انجام ہمیشہ برا ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے جلسے میں سائفر لہرا کر کہا کہ ان کی حکومت کو گرانے کی سازش ہوئی، ایک سازش کے تحت پاکستان کے تشخص کو متاثر کیا گیا لیکن آج امریکی نائب وزیر خارجہ ڈونلڈ لو نے کہا کہ سائفر کی کہانی سراسر جھوٹ پر مبنی تھی۔


انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی سیاست کو چمکانے کے لئے قومی مفاد کو داﺅ پر لگایا اور آج پوری دنیا کے سامنے رسوا ہیں، آج کانگریس کی کمیٹی کے سامنے بانی پی ٹی آئی جھوٹے ثابت ہوئے، آج بانی پی ٹی آئی کے تمام بیانیے کا تیا پانچا ہو گیا اور امریکی کانگریس کی پوری کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی کو جھوٹا قرار دیا۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے پوری قوم سے جھوٹ بولا، پی ٹی آئی دوہرے معیار کی سیاست کر رہی ہے، ڈونلڈ لو نے پانچ ہزار آزاد مبصرین کا بھی ذکر کیا جنہوں نے الیکشن کے عمل کا جائزہ لیا اور یہ بات بھی کی کہ پاکستان میں خواتین کو بہت سی جگہوں پر امریکا کے مقابلے میں زیادہ حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوان نسل کے ذہنوں کو گمراہ کیا اور بانی پی ٹی آئی کا گھناﺅنا اور مکروہ چہرہ پوری دنیا نے دیکھ لیا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کو بدنام کرنے کی سازش کی، ہمیشہ جھوٹ بولا اور پھر یو ٹرن لیا، ان کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے، جو بات ہم پچھلے دو برسوں سے کر رہے تھے وہ بات آج سچ ثابت ہوئی، اس کی گواہی پوری دنیا نے دیکھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جھوٹ بولا اور غلط بیانی سے کام لیا، سائفر کا کیس چل رہا ہے، انہوں نے سائفر کی آڑ میں پاکستان کے دشمنوں کو فائدہ اور پاکستان کی ریاست کو نقصان پہنچایا، اس کے مطابق انہیں سزا ملی ہے، کانگریس کی کمیٹی میں یہ خود گئے، انہوں نے سوچا ہوگا کہ وہاں سے کوئی ایسا بیان آئے گا جس سے ہمیں کوئی مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئی ایم ایف کے باہر احتجاج کر کے یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمارے لیڈر کو رہا کرو بصورت دیگر پاکستان کی امداد نہ کرنا، یہ پاکستان کے غریب عوام کی امداد بند کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کے لیڈر آج امریکا کی کانگریس کمیٹی کے سامنے سرٹیفائیڈ جھوٹے قرار دیے جا چکے ہیں۔
Load Next Story