کراچی میں ڈاکو بینک ملازم سے 50 لاکھ روپے چھین کر فرار

علاقہ پولیس نے واقعے کو پر اسرار قرار دے دیا

فوٹو: فائل

بن قاسم کے علاقے میں کار سوار نقاب پوش ڈاکو نجی بینک کے ملازم سے 50 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او بن قاسم ولایت علی شاہ نے بتایا کہ نجی بینک کا ملازم علیم الدین بینک سے اکیلا ہی 50 لاکھ روپے لیکر کار میں نکلا تھا اور کچھ فاصلے پر بن قاسم کٹ کے قریب کار سوار 4 ڈاکوؤں نے اس سے رقم سے بھرا ہوا تھیلا چھین لیا جس میں 50 لاکھ روپے نقد موجود تھے جبکہ جس مقام پر واردات ہوئی وہاں پر پولیس کو سی سی ٹی وی کیمرے نہیں ملے۔

انہوں نے بتایا کہ بینک کا ملازم 50 لاکھ نقدی پورٹ قاسم میں نصب اے ٹی ایم میں رکھنے جا رہا تھا کہ راستے میں ہی ڈکیتی کی واردات ہوگئی۔ واردات میں پراسراریت ہے اور یہ بات انتہائی حیران کن ہے کہ بینک کا ملازم اتنی بڑی رقم لیکر اکیلا ہی چلا گیا۔


ایس ایچ او بن قاسم نے کہا کہ ایک روز قبل انہوں ںے بینک مینجر کو پابند بھی کیا تھا کہ اگر کوئی 5 لاکھ روپے سے زائد رقم لیکر جائے تو پولیس نقدی لیجانے میں سیکیورٹی فراہم کریگی تاہم اس کے باوجود بینک انتظامیہ نے پولیس کی ہدایت پر عملدرآمد نہیں کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے جب ان سے ڈاکوؤں کی شناخت کے حوالے سے معلومات حاصل کی تو بینک ملازم بتایا کہ چاروں ڈاکو نقاب پوش تھے جس کی وجہ وہ ان کا چہرہ شناخت نہیں کر سکا جبکہ ڈاکو سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار میں سوار تھے۔

تاہم پولیس اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کرتے ہوئے جس راستے کار سوار ڈاکوؤں کے فرار ہونے کا بتایا جا رہا ہے ان راستوں پر نصب کلوز سرکٹ کیمروں کو تلاش کیا جا رہا ہے تاکہ واردات میں استعمال کی جانے والی گاڑی کا سراغ لگانے میں مدد مل سکے۔
Load Next Story