عراق کے معروف مذہبی رہنما کا بھی مسلح افراد کیخلاف شہریوں کو ہتھیار اٹھانے کا مشورہ
عراق میں مسلح افراد کی جانب سے متعدد شہروں پر قبضے کے بعد عراقی مذہبی رہنما آیت اللہ علی السیستانی نے بھی عوام کو ہتھیاراٹھانے کا مشورہ دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی مذہبی رہنما نے کربلا میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اعلان کیا کہ عراق پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف عوام فوج کا ساتھ دیں اور وہ شہری جو ملک کے تحفظ کے لئے ان کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں رضاکارانہ طور پر ہتھیار اٹھالیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی بقا کے لئے مسلح افراد کے خلاف ہتھیار اٹھانا ضروری ہوگیا ہے اور موجودہ حالات میں شہری رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کریں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ہیومن رائٹس کے سربراہ نے عراق میں ماورائے عدالت قتل کے بڑھتے واقعات کی شدید مذمت کی ہے اور اس حوالے سے منظر عام پر آنے والی حالیہ رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شمالی عراق میں عسکریت پسندوں کے قبضے اور لاکھوں افراد کی نقل مکانی پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ عراق میں جاری فرقہ وارانہ کشیدگی کے نتیجے میں شمالی حصوں پر عسکریت پسندوں نے قبضہ کرلیا ہے جبکہ عراقی وزیراعظم نورالمالکی نے بھی مسلح افراد کے خلاف شہریوں کو مسلح کرنے کا اعلان کرچکے ہیں