کراچی ایئرپورٹ کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے

بھٹائی آباد سے ایوی ایشن ریڈار کی جانب جانے والی سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا

پہلوان گوٹھ کی جانب واچ ٹاور بھی تعمیر کیا جائے گا،ذرائع،فوٹو:فائل

ایئرپورٹ حملے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت بھٹائی آباد سے ایوی ایشن ریڈار کی جانب جانے والی سڑک کو عام ٹریفک کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد حکام نے ایئرپورٹ اور اس پر موجود اہم تنصیبات کی سکیورٹی کے لیے مزید انتظامات کرنا شروع کردیئے ہیں۔ ذرائع کےمطابق بھٹائی آباد سے ایوی ایشن ریڈار کی جانب جانے والی سڑک کو حفاظتی اقدامات کے تحت عام ٹریفک کے لیے بند کرکے اس پر دیوار اور مستقل چیک پوسٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ان چیک پوسٹوں پر ایئرپورٹ سکیورٹی فورس(اے ایس ایف) اور پولیس کمانڈوز تعینات کیے جائیں گے۔


ذرائع کا کہنا ہےکہ کراچی ایئرپورٹ کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے پہلوان گوٹھ کی جانب واچ ٹاور بھی تعمیر کیا جائے گا جس سے ایئرپورٹ کے اطراف ہونے والی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی۔

واضح رہے کہ 8 جون کو کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 29 افراد جاں بحق ہوئے اور ایئرپورٹ پر موجود تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا تھا جبکہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تمام دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
Load Next Story