سینیٹ کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی شرجیل انعام میمن

پی ٹی آئی نے سینیٹ انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا لیکن ابھی تک عملی طور پر بائیکاٹ نہیں کیا، رہنما پیپلز پارٹی

—فائل فوٹو

پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، پی ٹی آئی نے سینیٹ انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا لیکن ابھی تک عملی طور پر بائیکاٹ نہیں کیا۔

سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے صرف 9 ممبرز ہیں وہ کیسے سینیٹ کی سیٹیں جیتیں گے، وہ الیکشن سے دستبردار نہیں ہوئے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ بھر میں حکومت سندھ اور محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے کریک ڈاؤن چل رہا ہے اور سات آٹھ کیسز میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں اور اس کریک ڈاؤن کی وجہ سے اچھا ریسپانس آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کریک ڈاؤن کا مقصد منشیات کی ہر قسم ترسیل کو ہر حال میں روکنا ہے، عید کے فوری بعد نہ صرف کراچی بلکہ سندھ بھر کے لوگوں کو حکومت سندھ ریلیف دینے جارہی ہے۔


شرجیل انعام میمن نے کہا کہ الیکٹرک بس اور پنک بس کے نئے روٹ شروع ہونے جارہے ہیں، اور عید کے بعد انشااللہ ریڈ لائن بی آر ٹی، جام صادق پل اور ییلو لائن بی آر ٹی کا کام تیزی سے شروع ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عدلیہ کی آزادی کیلئے جدوجہد کی، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ عدلیہ آزاد ہو، عدلیہ کی آزادی کے لئے اپنے خون کا نذرانہ صرف پیپلز پارٹی کے کارکنان نے دیا ہے، ججز کے خط جیسی باتیں ہمیشہ عمران خان کو تحفظ دینے کے لئے ہی کیوں ہوتی ہیں، یہ ایک افسوسناک بات ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان کو ابھی چار پانچ ماہ ہی جیل میں گزرے ہیں اور ان کو عدلیہ کی آزادی یاد آگئی ہے، اس وقت کسی کو عدلیہ کی آزادی یاد کیوں نہیں آئی جب بے نظیر بھٹو کی 2 بار منتخب حکومت کو غیرآئینی طریقے سے گھر بھیجا گیا۔

 
Load Next Story