ڈاکوؤں کو حکومت سندھ کی سرپرستی حاصل عید کے بعد تحریک چلائیں گے حافظ نعیم

جماعت اسلامی عوام کو ڈاکوؤں، ان کے سرپرستوں اور جعلی مینڈیٹ والی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی،پریس کانفرنس

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کررہے ہیں ( فوٹو: ایکسپریس نیوز )

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوام کو ڈاکوؤں، ان کے سرپرستوں اور جعلی مینڈیٹ والی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی، عید الفطر کے بعد حکومت کے خلاف بھر پور تحریک چلائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں جب تک مقامی پولیس کا تصور اور نظام قائم نہیں کیا جائے گا اس وقت تک جرائم کو کنٹرول اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ حاصل نہیں ہوسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کراچی میں جرائم کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا اپنا بیان واپس لیں اور عوام سے معافی مانگیں، کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کو سندھ حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ کراچی میں مسلح ڈکیتیوں میں صرف رمضان المبارک میں 10شہری اپنی جان گنوا بیٹھے جبکہ رواں سال49افراد ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بنے اور ان کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، گیس، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو ڈاکوؤں، ان کے سرپرستوں اور جعلی مینڈیٹ والی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی، عید الفطر کے بعد فارم 47کی پیداوار زبردستی مسلط کی گئی حکومت اور جعلی مینڈیٹ کے خلاف بھر پور تحریک چلائے گی، جمعۃالوداع کو یوم القدس ہے،امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پورے پاکستان میں "یوم القدس"منائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم جیسی پارٹیوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے لیکن ان کو عوام پر زبردستی مسلط کیا گیا ہے اور یہ سب مل کر عالمی ایجنڈے کوپورا کر رہے ہیں۔ ہمارے سارے معاملات اسی عالمی ایجنڈے سے منسلک ہیں۔ ہمیں آئی ایم ایف کے شکنجے میں جکڑ کر امریکہ کا غلام اور گریٹر بھارت کے امریکہ منصوبے کو پورا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ایسا کسی صورت نہیں ہونے دیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ سندھ میں نگراں حکومت کے دور میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑے آپریشن اور کرپشن کے لیے قائم سسٹم کے خلاف عملی اقدامات کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر عملاً کیا ہوا صورتحال سب کے سامنے ہے، ڈاکو راج بھی قائم ہے اور سسٹم بھی کام کر رہا ہے اور وہ سسٹم جو پہلے سندھ میں تباہی پھیلا رہا تھا اب اسلام آباد میں جا کر بیٹھ گیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ سکھر ملتان موٹر وے رات کو بند کر دی جاتی ہے، کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا راج ہے، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اتنا جد ید اسلحہ ان تک کیسے پہنچتا ہے۔ اگر بارڈر سے یہ اسلحہ ان تک پہنچتا ہے تو بارڈر سیکوریٹیز کیا کر رہی ہیں اور کون ان کی سرپرستی کر رہاہے۔

امیر جماعت اسلام کراچی نے مزید کہا کہ کچے کے علاقے کے ڈاکوؤں کے خلاف فوجی آپریشن کیوں نہیں کیا جا تا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 10روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، گیس کی قیمت میں گزشتہ سال نومبر میں 200فیصد اضافہ کیا گیا تھا، فکس چارجز اور ٹیکس بے تحاشہ بڑھا دیے اور پھر جنوری میں 123فیصد اور فروری میں 67فیصد اضافہ کیا گیا، یہ ہیں آئی ایم ایف کے ایجنٹ اور امریکہ کے غلام حکمران جو عوام کی زندگی مشکل سے مشکل تر بنا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے اہل غزہ سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل و امریکہ کی مذمت کے لیے عظیم الشان اور تاریخ ساز "شب یکجہتی غزہ" میں اہل کراچی کی جوق در جوق شرکت پر ان سے اظہار تشکر بھی کیا اور واضح اور دو ٹوک انداز میں کہا کہ عوام اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوششوں اور امریکی آشیرباد کے لیے بھارت کی بالا دستی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور قبلہ اوّل و فلسطین کی آزادی ہر مسلمان کے ایمان اور عقیدے کا حصہ ہے، کشمیر پر سودے بازی اور اسرائیل کو تسلیم کرنا ملک اور ملت سے غداری ہو گی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں نے لازوال قربانیاں دے کر حاصل کیا تھا، کلمے کی بنیاد پر جدو جہد کی گئی تھی اور پاکستان کا قیام عمل میں آیاتھا، ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔

حافظ نعیم نے بھارت کے ساتھ تجارت کے حوالے سے کہا کہ وزیر داخلہ اسحاق ڈار کا بھارت سے تجارت کو از سر نو بحال کرنے کا بیان سامنے آیا ہے، نواز شریف بھی دونوں ملکوں کے درمیان لکیر ختم کرنے کی باتیں کرتے رہے ہیں، کیا ملک کی معیشت بھارت نے خراب کی ہے، اصل میں امریکہ کے غلام اور آئی ایم ایف کے ایجنٹوں نے ہی ملک و قوم اور قومی معیشت کو تباہ و برباد کیا ہے۔

 
Load Next Story