کراچی پر ڈاکو راج برقرار مختلف واقعات میں سکیورٹی گارڈ قتل 2 افراد زخمی

ڈاکو اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے والوں کو لوٹ رہے تھے، رینجرز کو دیکھ کر فرار ہوئے اور سکیورٹی گارڈ کو قتل کردیا

فوٹو: فائل

شہر قائد میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں سکیورٹی گارڈ قتل اور مزاحمت پر 2 افراد زخمی ہو گئے۔


کراچی میں واردات کے دوران ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ واقعے میں شریف آباد کے علاقےاسحاق آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔



پولیس کے مطابق ڈاکو لیاقت آباد بندھانی کالونی میں اے ٹی ایم سے نکلنے والوں سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ رینجرز کو دیکھ کر اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر بھاگے اور اس دوران رضوان نامی شخص سے موٹر سائیکل چھینی اور سکیورٹی گارڈ کو قتل کرکے فرار ہو گئے۔ مقتول سکیورٹی گارڈ 2 بچوں کا باپ تھا اور چاند رات کو بچوں کے ساتھ عید منانے آبائی علاقے لاڑکانہ جانے والا تھا ۔


مقتول کی لاش پولیس موبائل میں عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت 30 سالہ وحید بلوچ کے نام سے کی گئی ۔ رینجرز کو دیکھ کربھاگنے والے ڈاکوؤں کو اسحاق آباد سوسائٹی میں گارڈ نے پکڑنے کی کوشش کی، جس پر ڈاکوؤں نے اس پر فائرنگ کردی۔واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔


سکیورٹی گارڈ وحید بلوچ کو سینے اور گردن میں 2 گولیاں لگیں جب کہ ڈاکو رضوان نامی شخص کی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔


دریں اثنا ملیر ندی اور ناردرن بائی پاس پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈمپر ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے ۔

Load Next Story