کراچی میں ڈاکو راج جماعت اسلامی کا ایس ایس پی آفسز پر احتجاج کا اعلان

آئی جی سندھ بتائیں کراچی میں پولیس کا محکمہ کیا کررہا ہے؟، پریس کلب پر مظاہرے سے رہنماؤں کا خطاب

فوٹو: فائل

جماعت اسلامی نے شہر میں جاری ڈاکو راج کیخلاف ہفتہ 20 اپریل کو تمام ایس ایس پی آفسز کے گھیراؤ کا اعلان کردیا۔

نومنتخب امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی ہدایت پر کراچی میں اسٹریٹ کرائم بڑھتی واردتوں اور ان میں قیمتی جانی نقصان کیخلاف بدھ کو کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز، امیر ضلع جنوبی سید عبد الرشید، سیکریٹری ضلع جنوبی سفیان دلاورنے خطاب کیا اور ہفتہ 20 اپریل کو شہر بھر میں تمام ایس ایس پی آفسز کے باہر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔


رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صوبائی وزرا کہتے ہیں کہ کراچی میں میڈیا جرائم کی وارداتیں بڑھا چڑھا کر بتارہا ہے لیکن شہر میں صورتحال یہ ہے کہ کوئی شخص محفوظ نہیں، آئے روز لوگوں کو قتل اور زخمی کیا جارہا ہے۔

جماعت اسلامی رہنماؤں نے کہا کہ آئی جی سندھ بھی بتائیں کہ کراچی میں پولیس کا محکمہ کیا کررہا ہے؟، 3 ماہ میں 35 ہزار سے زائد جرائم کی رپورٹس درج کروائی گئی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ بتائیں 2012 سے جاری سیف سٹی پروجیکٹ کیوں مکمل نہیں ہوسکا۔

رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سیف سٹی پروگرام کو ہنگامی طور پر جلد از جلد مکمل کیا جائے، عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، پولیس میں کراچی کے مقامی باشندوں کو ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کیا جائے۔
Load Next Story