وزیراعظم نے آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کی نگرانی کیلئے کابینہ کی کمیٹی قائم کردی

کمیٹی میں وزیر داخلہ، وزیر دفاع، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم او اور گورنر خیبر پختونخوا کو بھی شامل کیا گیا ہے

کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر شمالی وزیرستان آپریشن کا جائزہ لے گی اور وزیر اعظم کو آپریشن کی پیشرفت سے مسلسل آگاہ رکھے گی، وزیر اعظم ہاؤس فوٹو: فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ''ضرب عضب'' کی نگرانی کے لئے کابینہ کی نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی قائم کردی ہے۔


وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی میں وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات پرویز رشید، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام، ڈی جی ایم او، چیف آف جنرل اسٹاف، ڈی جی آئی ایس پی آر، وزیر قبائلی علاقہ جات عبدالقادر بلوچ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، چیرمین این ڈی ایم اے، گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی اور سیکریٹری داخلہ و اطلاعات شامل ہوں گے، کابینہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر شمالی وزیرستان آپریشن کے مختلف امور کا جائزہ لے گی اور وزیر اعظم کو آپریشن کی پیشرفت سے مسلسل آگاہ رکھے گی۔

واضح رہے کہ طالبان سے ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کے بعد حکومت اور فوج نے مکمل مشاورت اور متفقہ فیصلے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف گزشتہ روز سے''ضرب عضب'' کے نام سے فوجی کارروائی کا آغاز کیا ہے اور اب تک اس کارروائی میں ازبک اور طالبان کے اہم جنگجوؤں سمیت 140 سے زائد دہشت گرد مارے جاچکے ہیں جبکہ آپریشن میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا چکا ہے۔
Load Next Story