گزشتہ ایک سال سے لاپتہ تھائی ماڈل کی لاش بحرین سے برآمد

ماڈل کے اہلخانہ نے رواں سال جنوری میں اپنی بیٹی کی تلاش کے لیے تھائی سفارت خانے سے مدد طلب کی تھی

تھائی ماڈل بحرین میں اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ رہتی تھیں : فوٹو : فائل

گزشتہ ایک سال سے لاپتہ تھائی ماڈل کی لاش بحرین کے مردہ خانے سے مل گئی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق Kaikan Kaennakam نامی 31 سالہ ماڈل تھائی لینڈ میں کام نہ ملنے پر نوکری کی تلاش میں بحرین آئی تھیں جہاں اُنہیں ایک ریستوران میں نوکری ملی تھی۔

تھائی ماڈل سال 2021 سے 2023 تک بحرین میں مقیم تھیں اور باقاعدگی سے اپنی نوکری پر جارہی تھیں جبکہ اُن کے اہلخانہ شمالی تھائی لینڈ میں ہی رہائش پذیر ہیں، وہ بحرین سے اپنے اہلخانہ کو پیسے بھیجتی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماڈل سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی تھیں اور اُنہوں نے اپنے اہلخانہ کو بتایا تھا کہ وہ بحرین کے شہری کے ساتھ تعلقات میں ہیں اور انہی کے ساتھ رہتی ہیں۔


ماڈل نے اپریل 2023 میں اچانک سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا بند کیں تو اُن کے اہلخانہ کو تشویش ہوئی اور اُنہوں نے اپنی بیٹی سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہیں ہوسکا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی ماہ گزر جانے کے بعد، جب اہلخانہ کا اپنی بیٹی سے رابطہ نہیں ہوسکا تو اُنہوں نے رواں سال جنوری میں اپنی بیٹی کی تلاش کے لیے تھائی سفارت خانے سے مدد طلب کی۔

تھائی سفارت خانے کی جانب سے ماڈل کی تلاش جاری تھی اور رواں ماہ 18 اپریل کو تھائی سفارت خانے نے ماڈل کے اہل خانہ کو بتایا کہ بحرین کے مردہ خانے میں ایک نامعلوم تھائی خاتون کی لاش موجود ہے۔

بحرین کے مردہ خانے میں موجود لاش تھائی ماڈل کی ہی تھی، ماڈل کی ٹانگ پر ٹیٹو بنا ہوا تھا جس کی مدد سے اہلخانہ نے اپنی بیٹی کی لاش کی شناخت کی۔

میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ تھائی ماڈل کی موت الکحل زہر کے بعد دل اور پھیپھڑوں کی خرابی کی وجہ سے ہوئی۔
Load Next Story