عمران خان نے پارٹی قیادت کو اسٹیبلمشنٹ اور سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کی اجازت دیدی
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادہ ہے، تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی اجازت دیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی عمران خان نے شرط عائد کی ہے کہ مذاکرات آئین و قانون کے مطابق کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں مذاکرات سے قبل ٹی او آرز طے کیے جائیں گے مختلف رہنما اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں سے ان ٹی او آرز کے تحت مذاکرات کریں گے۔
آج صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام نے ملک کو گرفت میں لیا ہوا ہے، مذاکرات کے پیرا میٹرز پہلے طے کیے جائیں، مذاکرات کس کس طریقے سے اور کس ماحول میں ہوں گے پہلے طے کیا جائے تب ہی مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی جو اسٹیک ہولڈرز ہیں ان سے مذاکرات ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بھی ایک حقیقت ہے اور اسٹیبلشمنٹ بھی ایک حقیقت ہے یہ حکومت فارم 47 پر تشکیل پانے والی ہے۔
یہ دیکھنا ہے کہ وہ کس حد تک بااختیار ہے۔ؤ، اس کے لیے پہلے گراؤنڈ ورک اور پھر ماحول کو مدنظر رکھنا ہے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل ہی سینیٹ کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے پارٹی قیادت کے ایما پر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔