بُک شیلف

ادبی کتابوں کا مجموعہ

فوٹو : فائل

بلوغ المرام/ جدید ایڈیشن ( دوجلد )
تالیف : شہاب الدین احمد ابن حجر العسقلانی ،صفحات : 1138
ناشر : دارالسلام انٹرنیشنل ، لوئرمال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ، لاہور
برائے رابطہ : 042-37324034


زیر نظر کتاب ''بلوغ المرام من ادلۃ الاحکام'' ابو الفضل حافظ شہاب الدین احمد ابن حجر العسقلانی کی بے مثال کتاب ہے۔ فقہائے محدثین کے سلسلے میں ایک بہت بڑا اور معتبر نام نویں صدی ہجری کے امیر المومنین فی الحدیث شہاب الدین ابو الفضل احمد بن علی بن محمد المعروف ابن حجر العسقلانی کا ہے جنہیں معاصرین نے حافظ مشرق والمغرب کا لقب بھی دیا ہے۔ وہ بہت بڑے مفسر، محدث ، فقیہ ، مورخ اور ماہر لغت تھے۔

شرعی احکام کے حدیثی دلائل پر مبنی فقہ میں ان کی مایہ ناز کتاب بلوغ المرام ہے جو صدیوں سے دنیا بھر کے اسلامی حلقوں میں معروف چلی آرہی ہے۔ یہ کتاب ضخامت میں مختصر ہے لیکن جامعیت اور افادیت کے اعتبار سے بے نظیر ہے۔ مسائل و احکام کا یہ نہایت اہم اور گراں قدر مجموعہ علماء اور طلباء کے لیے یکساں مفید ہے۔ اس نامور کتاب کا اردو میں نہایت خوبصورت ترجمہ قارئین کے ہاتھوں میں ہے ۔ اگرچہ اب تک اس کتاب کے سینکڑوں تراجم شائع ہو چکے ہیں لیکن یہ ترجمہ پیش رو تمام تراجم سے یکسر مختلف اور منفرد ہے۔

اس کی پہلی انفرادیت یہ ہے کہ یہ ترجمہ معروف سیرت نگار مولانا صفی الرحمن مبارک پوری رحمۃ اللہ نے کیا ہے۔ اس کتاب کی دیگر خصوصیات یہ ہیں کہ کم و بیش ہر حدیث کے نیچے پہلے لغوی تشریح پھر حاصل کلام کے عنوان سے شرح بھی لکھ دی گئی ہے تاکہ ہر حدیث کی وضاحت ہو جائے اور جو احکام اس حدیث سے مستنبط ہوتے ہیں ان کی تشریح اور تفہیم آسان ہو جائے۔ راویوں کے مختصر حالات زندگی بھی درج کیے گئے ہیں۔

حافظ ابن حجر العسقلانی نے اس کتاب میں فقہائے محدثین کے اسلوب کا تدبر انتہائی مہارت اور خوبصورتی سے کیا ہے انہوں نے ہر مسئلے کو احادیث نبویہ کے ذریعے سے واضح کیا ہے جبکہ علماء اس کتاب کے بارے میں کہتے ہیں کہ ایک عام مسلمان احکام شریعت پر عمل کرنے کے لیے کوئی ایسی کتاب منتخب کرے جو مختصر ہو، آسان ہو، فقہی ابواب کے کے مطابق مرتب ہو، تمام مسائل کے بارے میں مکمل رہنمائی کرتی ہو اور اس پر کسی تردد یا ذہنی تحفظ کے بغیر عمل کیا جا سکتا ہو تو اس کے لیے بلوغ المرام سب سے عمدہ انتخاب ہوگا۔

ابواب الصرف
مصنف : دارالسلام ریسرچ سنٹر ،صفحات : 508،قیمت : 1530روپے
ناشر : دارالسلام انٹرنیشنل، لوئر مال، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ، لاہور
برائے رابطہ : 042-37324034


مسلمانوں کے ہاں عربی زبان کی ایک اہمیت کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ یہ کتاب وسنت کی زبان ہے۔ کتاب وسنت کا صحیح فہم اس وقت تک نہیں ہو سکتا جب تک عربی زبان سے واقفیت حاصل نہ کر لی جائے اور کوئی بھی زبان سیکھنے کے لیے اس کے بنیادی قواعد یعنی گرامر سے واقفیت کی اشد ضرورت ہوتی ہے ۔

عربی زبان کے دو بنیادی مضمون ہیں ایک کو '' نحو'' اور دوسرے کو '' صرف'' کہا جاتا ہے ۔ ''صرف'' کے لغوی معنی پھیرنے کے ہیں ۔ '' صرف '' میں ایک ہی مادے سے مختلف اوزان کے تحت بیسیوں صیغے تیار کیے جاتے ہیں ۔ واحد ، تثنیہ ، جمع ، مذکر ، مونث ، مخاطب ، غائب یا متکلم کے علاوہ اسم فاعل ، اسم مفعول ، اسم آلہ ، اسم ظرف ، اور اسم تفضیل اور ان میں ہونے والی تعلیلں ، اور تبدیلیاں '' علم صرف '' کے تحت ہی ہوتی ہیں ۔

اس طرح یہ علم علیحدہ مضمون کی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔ اس موضوع پر کتاب کو '' ابواب الصرف '' کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے ۔ '' ابواب الصرف '' کے موضوع پر کئی ایک کتابیں پہلے سے موجود ہیں ۔ زیر تبصرہ کتاب اس موضوع پر ایک شاندار اور شاہکار اضافہ ہے ۔ اس ایڈیشن کی خوبیاں حسب ذیل ہیں :

مصدری معنی کرتے ہوئے بہت احتیاط برتی گئی ہے ۔ عموماََ ابواب الصرف میں '' لازم '' کے جن ابواب کو حرف جر کی مدد سے متعددی بنایا جاتا ہے ان کا صلہ صرف '' با'' ہی لایا جاتا ہے ۔ حالانکہ ہر لازم فعل کا صلہ ''با '' نہیں ہوتا کسی کا صلہ '' لام '' بھی ہوتا ہے کسی کا '' عن '' کسی کا '' من '' اور کسی کا '' الیٰ '' ہوتا ہے ۔ زیر نظر کتاب میں اس کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ غلطی سے محفوظ رہا جا سکے ۔ کتاب کے آخر میں ابواب الصرف میں موجود تمام ابواب کے مصادر ، ان کے معانی ، اور لازم و متعدی ہونے کی نشاندھی ایک ٹیبل کی صورت میں درج کر دی گئی ہے ۔

تاکہ پوری کتاب کا خاکہ ایک ہی نظر میں طالب علم کے سامنے آجائے ۔ بعض صیغے ابواب الصرف کی اکثر کتب میں غلط ہی نقل ہوتے چلے آرہے ہیں ان کی اصلاح کر دی گئی ہے۔ ہفت اقسام کے تمام ابواب کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ۔ مضاعف ، مہموز اور معتل کے ابواب میں سے ہر باب کے شروع میں ان سے متعلقہ قواعد درج کر دیے گئے ہیں۔ کلمات کے املا اور کتابت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ کتاب کے باطنی حسن کے علاوہ ظاہری حسن کی طرف بھی بھرپور توجہ دی گئی ہے بہترین ڈیزائیننگ اور 2 کلر طباعت نے کتاب کے حسن کو چار چاند لگا دیے ہیں ۔

ابتدائی قواعد الصرف ( ابتدائی ، اول ، دوئم )
تالیف : دارالسلام ریسرچ سنٹر ،صفحات : 337،قیمت : 1070روپے
ناشر : دارالسلام انٹرنیشنل ، لوئر مال ، نزد سیکٹر یٹ سٹاپ ، لاہور
برائے رابطہ : 042-37324034


احکام شریعت کو سمجھنے کے لیے جہاں دیگر علوم اسلامیہ کی اہمیت مسلم ہیں وہاں قرآن کی زبان جو کہ عربی زبان ہے اسے سیکھنے کے لیے '' فنِ صرف '' کو بھی بنیادی درجہ حاصل ہے ۔ جب تک کوئی شخص اس فن میں مہارت تامہ حاصل نہ کر لے اس وقت تک اس کے لیے علوم اسلامیہ میں دسترس تو کجا پیشرفت ہی ممکن نہیں ۔ قرآن و سنت کے علوم کو سمجھنے کے لیے '' فن ِ صرف '' سے آگاہی شرط لازم ہے۔


یہی وجہ ہے کہ اہل علم کے ہاں اس فن کو بڑی اہمیت حاصل ہے اور اس کی تفہیم کے لیے درجہ بدرجہ مختلف ادوار میں علمائے اسلام نے اس موضوع پر گراں قدر کتابیں لکھیں اور اسے آ سان سے آ سان تر بنانے کی کوششیں کی ہیں۔ زیر نظر کتاب قواعد الصرف بھی اسی سلسلہ کی ایک اہم کڑی ہے۔'' قواعد النحو '' کی طرح یہ کتاب بھی تین حصوں پر مشتمل ہے ۔ یعنی حصہ ابتدائی، حصہ اول اور حصہ دوم ۔ اس کتاب کی چند نمایاں خصوصیات درج ذیل ہیں :

فن صرف کے قواعد و مسائل کی آسان اور عام فہم انداز میں توضیح وتشریح کی گئی ہے ۔ محاورات آ سان اور دل نشین مثالوں سے مزین ہیں۔ قاری کی ذہنی سطح اور استعداد کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے ۔ یہ کتاب یعنی '' ابتدائی قواعد الصرف '' پہلے سے موجود فن صرف کی معتبر کتابوں کے انداز کو سامنے رکھ کر لکھی گئی ہے جس سے اس کتاب کی اہمیت دو چند ہوگئی ہے۔ ہر جگہ قواعد اور مثالوں کی تصحیح کا اہتمام کیا گیا ہے ۔

قواعد و مسائل کے انتخاب میں راجح اور مستند اقوال کو ترجیح دی گئی ہے ۔ محل استشہاد کی الفاظ اور جداگانہ رنگوں کے ذریعے وضاحت کی گئی ہے۔ مزید یہ کہ مشکل مثالوں کا سلیس اردو ترجمہ کیا گیا ہے ۔ یہ بات یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ زیر نظر کتاب '' ابتدائی قواعد الصرف '' اپنے موضوع پر ایک لاجواب ، شاندار اور آسان تر کتاب ہے جو بھی اس کتاب کا مطالعہ کر لے اور اسے اچھی طرح سمجھ لے اس کیلئے دینی کتب کو سمجھنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔

قواعد التجوید
تالیف : استاذ القراء قاری محمد ادریس عاصم فاضل القراۃ العشرہ
صفحات : 80،قیمت : 240 روپے
ناشر: دارالسلام انٹرنیشنل ، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لاہور
برائے رابطہ : 042-37324034


قرآن کریم کو سمجھنے اور سکھانے والے دنیا کے تمام انسانوں سے بہترین لوگ ہیں ۔ قرآن مجید وہ مقدس اور بابرکت کتاب ہے جس کے پڑھنے سے اجر و ثواب ملتا ہے اور اس کے مطابق زندگی بسر کرنے سے انسان جنت کا وارث بن جاتا ہے لیکن یہ انعامات تبھی حاصل ہوں گے جب قرآ ن کریم کو اس طرح پڑھا جائے جس طرح یہ نازل ہوا ہے ۔ قرآن کریم کس لہجے میں کس انداز میں نازل ہوا اسے کس طرح پڑھا جائے اس سے آ گاہی دینے والے علم کو '' علم تجوید '' کہا جاتا ہے ۔ دارالسلام نے '' قواعدا لتجوید '' کے نام سے ابتدائی درجے کی کتاب مرتب کی ہے ۔ اس کتاب میں آسان انداز میں تجویدی قواعد کو مثالوں کے ساتھ لکھا گیا ہے ۔ یہ اسلوب عوام و خواص دونوں کے لیے یکساں مفید ہے ۔

تجویدی قواعد سے لوگوں کو روشناس کرانے کے لیے متعدد اہل علم نے بڑی شاندار کتب مرتب کی ہیں لیکن ان کتب سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد بہت کم رہی ہے ۔ اس کی وجہ یہ نہیں کہ ان کتب میں علمی معیار کا فقدان ہے بلکہ ان کتب کا اسلوب خالصتاََ علمی ہے ۔ دارالسلام نے تجویدی قواعد کو بڑے آسان اور شستہ الفاظ میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ نقشوں کے ذریعے وضاحت کی گئی ہے جس سے قواعد کو سمجھنا آسان ہو گیا ہے ۔ بہت ساری چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو پڑھنے سے سمجھ میں نہیں آتیں لیکن جب نقشہ بنا کر انہیں سمجھا جاتا ہے تو بڑی آسانی سے سمجھ میں آجاتی ہیں اور اچھی طرح ذہن نشین ہو جاتی ہیں۔ تعلیم و تربیت کا یہ سائنٹیفک طریقہ ہے جو اس کتاب میں اختیار کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ یہ کتاب خواص کے ساتھ ساتھ عام قارئین کیلئے بھی بے حد مفید ثابت ہو گی اور اس کتاب کے مطالعہ سے وہ بہتر انداز میں قرآن مجید پڑھ سکیں گے۔

مختار النحو( قرآنی مثالوں سے مزین عربی گرامر )
تالیف : مولانا مختار احمد سلفی ،صفحات : 270،قیمت :920روپے
ناشر : دارالسلام انٹر نیشنل ، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لاہور
برائے رابطہ : 024-37324034


قرآ ن و سنت کو سمجھنے کے لیے عربی علوم میں ''فن نحو کو '' بنیادی مقام حاصل ہے ۔ جب تک کوئی شخص اس فن میں مہارت تامہ حاصل نہ کر لے اس وقت تک اس کے لیے علوم اسلامیہ کو کماحقہ سمجھنا ممکن نہیں ہے ۔ قرآ ن و سنت کو سمجھنے کے لیے نحو کا علم بنیاد ہے ۔ اسی کے پیش نظر اس فن کو بڑی اہمیت حاصل ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف ادوار میں علمائے اسلام نے اس فن کے متعلق کتابیں لکھی ہیں ۔ زیر نظر '' کتاب مختار النحو '' بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے ۔

یہ اپنے موضوع پر نہایت ہی لاجواب اور آسان کتاب ہے ۔ اس میں قرآنی مثالوں کے ذریعے علم النحو کو آسان فہم انداز میں سمجھانے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے ۔ کتاب کی عبارت عام فہم ہے ۔ عربی زبان کے تمام بنیادی قواعد کو عام فہم زبان میں لکھا گیا ہے ۔ ہر قانون کی توضیح مثالوں کے ذریعے کی گئی ہے ۔ کتاب ایک مقدمہ تین ابواب اور ایک خاتمہ پر مشتمل ہے ۔ پوری کتاب کو 70 اسباق پر تقسیم کیا گیا ہے۔ مقدمہ میں نحو کی بنیادی باتیں ذکر کی گئی ہیں ۔ پہلا باب اسم ، دوسرا باب فاعل اور تیسرا باب حرف کے بیان میں ہے۔ تمام مثالیں قرآ ن و حدیث اور احادیث نبویہ سے ماخوذ ہیں ۔ کتاب کے آ خر میں نحو کے قوانین کو عربی عبارت پر لاگو کرنے کے لیے اجرا اور مطالعہ کا طریقہ کار بھی بتایا گیا ہے ۔

اسی طرح ہر سبق کی ایک مثال کی ترکیب کر دی گئی ہے تاکہ اس کو سامنے رکھتے ہوئے باقی مثالوں کی ترکیب کرنا آسان ہو جائے ۔ کتاب کے اسلوب کو نحو کی دوسری کتابوں کے مطابق ہی رکھا گیا ہے تاکہ قارئین کی ذہنی استعداد میں باآسانی اضافہ ہو ۔ جو قارئین محنت اور کوشش سے اس کتاب کو پوری طرح سمجھ کر پڑھیں گے وہ کافی حد تک فن نحو کے ابتدائی قواعد میں ماہر ہو جائیں گے اور عربی زبان کو صحیح طرح سے پڑھنے ، سمجھنے ، لکھنے اور بولنے پر قادر ہو جائیں گے ،ان شاء اللہ۔

ابتدائی قواعد النحو ( ابتدائی ، اول ، دوئم)
نام مولف : دارالسلام ریسرچ سنٹر ،صفحات : 366،قیمت : 1155روپے
ناشر : دارالسلام انٹرنیشنل ، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لاہور
برائے رابطہ : 042-37324034


جیسا کہ نام سے واضح ہے کہ زیر تبصرہ کتاب '' ابتدائی قواعد النحو '' علوم نحو کے بارے میں لکھی گئی ہے۔ یہ کتاب بھی ابتدائی قواعد الصرف کی طرح تین حصوں پر مشتمل ہے یعنی ابتدائی ، اول اور دوئم ۔ یہ کتاب مبتدی قارئین کیلئے لکھی گئی ہے ۔ یہ بات معلوم ہے کہ علم نحو ۔۔۔۔ تمام عربی علوم و معارف کے لیے ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس لئے کہ تمام عربی علوم اسی کی مدد سے چہرہ کشا ہوتے ہیں ۔۔ حق یہ ہے کہ قرآ ن و سنت اور دیگر عربی علوم سمجھنے اور سیکھنے کے لیے علم نحو کلیدی حیثیت رکھتا ہے ۔ علم نحو کی مذکورہ اہمیت کے پیش نظر عربی فارسی اور دیگر زبانوں میں اس فن کی ایسی کتابیں لکھی گئی ہیں جو مفصل بھی ہیں ، متوسط بھی ہیںا ور مختصر بھی ہیں ۔ اردو زبان میں صرف ونحو کی کتابیں لکھنے کا مقصد لسانی اصول قواعد کی تسہیل وتفہیم اور عربی زبان کی ترویج و اشاعت ہی ہے کیونکہ فنی تعلیم کا اصول اور تجربہ ہے کہ اگر ابتدائی طور پر کوئی مضمون مادری زبان میں ذہن نشین ہو جائے تو پھر اسے کسی بھی اجنبی زبان میں تفصیل و اضافہ سمیت بخوبی پڑھا اور سمجھا جا سکتا ہے زیر نظر کتاب اسی مقصد کے تحت لکھی گئی ہے ۔ اس کتاب کی چند نمایاں خصوصیات درج ذیل ہیں :

قواعد و مسائل کی عام فہم اور آ سان اسلوب میں پیشکش ۔ قواعد و مسائل میں راجح قول اجاگر کرنے کا التزام ۔ قواعد اور مثالوں کی صحت و درستی کا ممکنہ حد تک اہتمام ۔ محل استشہاد کی الفاظ اور رنگوں کے ذریعے وضاحت ۔ طالبان علم کی آ سانی کے لیے درج کردہ مثالوں کا سلیس اردو میں ترجمہ ۔ قاری کی ذہنی استعداد اور علمی درجے کا لحاظ ۔ قواعد کی تطبیق و اجرا کے لیے ہر سبق کے بعد تمرینات ۔ امید ہے کہ اس کتاب کے مطالعہ سے قارئین کیلئے عربی سمیت قرآن مجید اور احادیث نبویہ کو پڑھنا اور سمجھنا آسان ہو جائے گا ان شاء اللہ ۔
Load Next Story