لاہور کے حلقہ پی پی 161 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ کالعدم قرار

انتخابی عمل کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد ن لیگ کے ہارنے والے امیدوار نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی

(فوٹو: فائل)

صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 161 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ عدالت نے کالعدم قرار دے دیا۔


درخواست گزار فرخ جاوید مون کی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 161 میں دوبارہ گنتی کرانے کے خلاف درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کی، جس میں عدالت نے الیکشن کمیشن کے دوبارہ گنتی کے نوٹس کو کالعدم قرار دے دیا۔



دوران سماعت درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ علی جعفری عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ مسلم لیگ ن کے ہارنے والے امیدوار عمر سہیل ضیا بٹ نے الیکشن کمیشن کو دوبارہ گنتی کی درخواست دی ، جس پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کا نوٹس جاری کر دیا۔


عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انتحابی نتائج میں آزاد امیدوار 18 ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار پائے۔ انتحابات کے تمام مراحل مکمل ہوچکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم 47، فارم 48، فارم 49 بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔ قانون کے مطابق انتحابی عمل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن دوبارہ گنتی کے احکامات جاری نہیں کر سکتا۔ لہٰذا عدالت الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹس کو غیر قانونی قرار دے۔


بعد ازاں عدالت نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 161 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا الیکشن کمیشن کا نوٹس کالعدم قرار دے دیا۔

Load Next Story