تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ کے سوڈھی نے اپنی گمشدگی کا ڈرامہ کیا

اداکار گروچرن سنگھ (سوڈھی) نے لاپتہ ہونے سے پہلےاپنا فون پالم کے علاقے میں چھوڑ دیا تھا

گروچرن سنگھ 22 اپریل سے اب تک لاپتہ ہیں : فوٹو : فائل

مشہور زمانہ بھارتی ڈرامہ 'تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ' میں روشن سنگھ سوڈھی کے کردار سے شہرت پانے والے گروچرن سنگھ کی گمشدگی سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے بتایا کہ اداکار گروچرن سنگھ نے لاپتہ ہونے سے پہلےاپنا فون پالم کے علاقے میں چھوڑ دیا تھا جس کی وجہ سے پولیس کے لیے اداکار کی لوکیشن ٹریس کرنا بہت زیادہ مشکل ہوگیا ہے۔

دہلی پولیس نے کہا کہ ہم تحقیقات کررہے ہیں اور ہم نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس میں گروچرن سنگھ کو ایک رکشے سے دوسرے رکشے میں جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس نے مزید کہا کہ اب تک کی تحقیقات سے ایسا لگتا ہے کہ اداکار نے لاپتہ ہونے کا ڈرامہ کیا ہے، گروچرن سنگھ نے خود اپنی گمشدگی کا منصوبہ بنایا اور پھر وہ دہلی سے باہر چلے گئے۔


مزید پڑھیں: 'تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ' کے لاپتہ 'سوڈھی' جلد شادی کرنے والے تھے، رپورٹ

واضح رہے کہ گروچرن سنگھ گزشتہ ماہ 22 اپریل سے اب تک لاپتہ ہیں، پولیس نے اداکار کی والد کی شکایت کی بنیاد پر اغوا کا مقدمہ درج کیا۔

اداکار کے والد نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ اُن کا بیٹا 22 اپریل (پیر) کو دہلی سے ممبئی کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن وہ ممبئی نہیں پہنچا۔

دوسری جانب پولیس حکام کہنا ہے کہ گروچرن سنگھ کی دہلی سے ممبئی کی پرواز پیر کی رات 8 بجکر 30 منٹ کی تھی لیکن اُنہیں اُسی رات تقریباً 9 بجکر 14 منٹ پر دہلی کے علاقے پالم کے ایک ٹریفک چوراہے پر دیکھا گیا۔

پالم کے علاقے میں نصب سیکیورٹی کیمرے کے ذریعے حاصل کی گئی فوٹیج میں اداکار کو ایک بیگ کے ساتھ سڑک پار کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
Load Next Story