پاسکو کی گندم خریداری کا ہدف 14 لاکھ ٹن سے 18 لاکھ ٹن کرنے کی منظوری

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاور سیکٹر کے لیے 127 ارب 50 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے

ای سی سی نے گندم کی خریداری کے ہدف میں 4 لاکھ ٹن اضافے کی منظوری دی ہے—فوٹو: فائل

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)کی پاسکو کے گندم خریداری کے ہدف میں 4 لاکھ ٹن اضافے کی منظوری کے ساتھ ہدف 14 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 18 لاکھ ٹن کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدار کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں گندم کی خریداری کا ہدف بڑھانے اور پاور سیکٹر کے لیے 127 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم جاری کرنے کی منظوری دی گئی تاہم فصل خریف کے لیے یوریا کھاد کی ضروریات پوری کرنے کے لیے دو لاکھ میٹرک ٹن یوریا کھاد کی درآمد کی تجویز کی بھی منظوری دے دی ہے۔

ای سی سی کے اجلاس میں 18نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، ذرائع کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاور سیکٹر کے لیے 127 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم جاری کرنے کی منظوری دی ہے، جس کے تحت کے-الیکٹرک کے لیے ایڈوانس سبسڈی کی مد میں 70 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔


انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے ٹیرف میں فرق ختم کرنے کے لیے 55 ارب روپے جاری کیے جائیں گے، علاوہ ازیں پاور ڈویژن کے لیے دو ارب 50 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ بھی جاری کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق چمن بارڈر پر ڈیلی ویج ورکرز کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کی منظوری بھی دے دی گئی ہے جبکہ فصل خریف کے لیے یوریا کھاد کی ضروریات پوری کرنے کے لیےدو لاکھ میٹرک ٹن یوریا کھاد کی درآمد کی تجویز کی بھی منظوری دے دی ہے۔

اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق ذرائع نے بتایا کہ اسٹیل ملز کے ملازمین کی جنوری تا جون تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے رقم جاری کرنے اور پاکستان جوہری توانائی کمیشن کے لیے 4 ارب 86 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظور ی دے دی ہے۔

ای سی سی نے نیکسٹ جنریشن موبائل براڈ بینڈ سروس اسپیکٹرم کی ایڈوائزری کمیٹی میں ردوبدل کی منظوری بھی دے دی ہے۔
Load Next Story