ورلڈ لیجنڈز لیگ پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی ایک مرتبہ پھر مدمقابل

لیگ میں بریٹ لی، کیون پیٹرسن، یووراج سنگھ، یونس خان جیسے سابق اسٹارز شریک ہوں گے

لیگ میں بریٹ لی، کیون پیٹرسن، یووراج سنگھ، یونس خان جیسے سابق اسٹارز شریک ہوں گے (فوٹو: فائل)

انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ چمپیئنز آف لیجنڈز کرکٹ لیگ میں پاکستان اور بھارت کے مشہور کھلاڑی ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے ہوں گے ۔

برمنگھم کے ایجبسٹن گراونڈ میں 3 سے 13 جولائی 2024 تک شیڈول ورلڈ چیمپینز آف لیجنڈز کرکٹ لیگ میں انگلینڈ، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ(ای سی بی) سے منظور شدہ اپنی نوعیت کی پہلی لیجنڈز لیگ میں دنیا کے معروف سینئر کرکٹرز شرکت کر رہے ہیں، جن میں آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی، انگلش بلے باز کیون پیٹرسن، جنوبی افریقہ کے مایہ ناز آل راؤنڈر جیکس کیلس، بھارت کے اسٹائلش بلے باز یوراج سنگھ اور اسپنر ہر بجن سنگھ اور دیگر شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: آفریدی، یوراج ایک بار پھر ایکشن میں دکھائی دیں گے! مگر کہاں؟


لیگ میں پاکستان چیمپینز ٹیم کی قیادت سابق ٹیسٹ کپتان اور ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کے چیمپیئن کپتان یونس خان کریں گے، ٹیم میں شاہد خان آفریدی سمیت دیگر معروف کرکٹرز شامل ہوں گے۔

لیجنڈز کرکٹ لیگ کی پاکستان چمپینز ٹیم کے ساتھ معاہدے کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، لیگ کی جانب سے کامل خان اور ٹیم کی طرف سے شاہد آفریدی اور یونس خان نے دستخط کیے، تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا۔

کامل خان نے کہا کہ آئی سی سی کا ایونٹ ہونے کے ناطے لیگ میں اینٹی کرپشن پوری طرح سے مستعد ہوگی، پاکستان اور بھارت کے تماشائیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

لیگ میں سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑی این او سی ملنے پر شرکت کر سکتے ہیں تاہم ایسے کھلاڑیوں کے لیے لیگ بہترین آپشن ہے جن کو کرکٹ کھیلنے کے مواقع نہیں مل پاتے۔
Load Next Story