وزیراعظم نوازشریف کو افغان صدر کا فون آپریشن کے بعد سرحدی صورتحال پر تبادلہ خیال
وزیراعظم نواز شریف کو افغان صدر حامد کرزئی نے ٹیلی فون کیا اور پاک افغان سرحدی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اور افغان صدر کے درمیان ہونے والی بات چیت کے دوران شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن " ضرب عضب " کے دوران پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی بڑھانے کے اقدامات پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ فوجی کارروائی کے نتیجے میں سرحد پار کرنے والوں کی نگرانی پر بھی بات کی گئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے دورہ افغانستان اور افغان صدر سے ملاقات کے درمیان ہونے والی بات چیت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ نے 17 اور 18 جون کو بحیثیت وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی اپنے دورہ افغانستان کے دوران صدر حامد کرزئی سے ملاقات کی اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں خصوصی تعاون کی درخواست کی جبکہ ملاقات کے دوران سرحد پر سیکیورٹی سخت کرنے اور شمالی وزیرستان سے ممکنہ طورپر نقل مکانی کرنے والوں کی نگرانی کی بھی اپیل کی گئی تاہم ملاقات کے بعد افغان حکومت کی جانب سے کسی قسم کا کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا جس کے بعد افغان صدر نے وزیراعظم نواز شریف کو خود فون کر کے پاک افغان باڈر سیکیورٹی پرتبادلہ خیال کیا۔