ایم کیو ایم کی مقتول رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کو سپرد خاک کردیا گیا
ایم کیو ایم کی مقتول رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کو نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد لاہور میں سپرد خاک کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مقتول کی نماز جنازہ میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد طاہرہ آصف کو لاہور کے ہی مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
بدھ کے روز طاہرہ آصف پر لاہور میں قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں۔ رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کو چار گولیاں لگی تھیں اور وہ شیخ زید اسپتال میں زیرعلاج تھیں جہاں ڈاکٹرز نے ان کا 2 بار آپریشن کیا لیکن خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے ان کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جارہی تھی۔ ڈاکٹرز نے طاہرہ آصف کی زندگی کیلئے 36 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیئے تھے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے کمرے میں رکھا گیا تھا تاہم رات گئے وہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
ایم کیوایم کی جانب سے طاہرہ آصف کے قتل کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اس دوران ٹرانسپورٹ اور کاروبار مکمل طور پر کھلا رہے گا۔ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے قاتلوں کی تین روز میں گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا جبکہ طاہرہ آصف کے انتقال پر وزیراعظم نوازشریف،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ،گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور ڈاکٹرطاہرالقادری سمیت دیگرسیاسی رہنماؤں کی جانب سے واقعہ کی مذمت اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔