مجھے عامر لیاقت کی جائیداد کے معاملے میں بھی گھسیٹا جا رہا ہے

عامر لیاقت حسین نازیبا ویڈیوز لیک کیس میں یاسر شامی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی

عدالت نے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی غیر حاضری کے باعث سماعت ملتوی کردی : فوٹو : ویب ڈیسک

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے مرحوم اینکر پرسن عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں یوٹیوبر ملزم یاسر شامی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

کراچی سٹی کورٹ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت کے روبرو مرحوم اینکر پرسن عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز لیک کرنے کے مقدمے میں شریک ملزم یوٹیوبر یاسر شامی کی درخواستِ ضمانت کی سماعت ہوئی۔

ملزم یاسر شامی کے وکیل نے دورانِ سماعت موقف دیا کہ یاسر شامی لاہور سے آتے ہیں، بعد کی تاریخ دی جائے، ملزم کی ضمانت کی توثیق کی جائے۔

عدالت نے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی غیر حاضری کے باعث سماعت ملتوی کرتے ہوئے ملزم یاسر شامی کی عبوری ضمانت میں 6 جون تک توسیع کردی۔

ملزم یاسر شامی نے احاطہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ میں خود صحافی ہوں، میں نے صحافی اقدار پر کاربند رہتے ہوئے کام کیا، میں نے بلر کرکے ویڈیو چلائی۔


مزید پڑھیں: عامر لیاقت نازیبا ویڈیوز کیس : یوٹیوبر یاسر شامی کی ضمانت منظور

یاسر شامی نے کہا کہ مجھ پر پیکا 21 کا سیکشن لگایا گیا ہے، یہ عامر لیاقت حسین کی جائیداد کا مسئلہ ہے، اسے میرے کندھوں پر رکھ کر چلایا جا رہا ہے لیکن مجھے ہماری عدالتوں پر پورا اعتماد ہے کہ یہاں انصاف سے کام ہوگا۔

دوسری جانب عامر لیاقت حسین کی سابق اہلیہ بشریٰ اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم صبح سے ہی عدالت میں موجود ہیں لیکن ایف آئی اے پراسیکیوٹر نہیں آئے، افسوس ہے کہ ایف آئی اے ہائی پروفائل کیس کو سنجیدہ نہیں لے رہا۔

بشریٰ اقبال نے کہا کہ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر سے مسلسل رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے، آج اہم سماعت تھی ایف آئی اے کو موجود ہونا چاہیے تھا۔ ایف آئی اے سے درخواست ہے کہ اس کیس کو سنجیدگی سے لیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ یقین ہے کہ ملزم کی عبوری ضمانت منسوخ ہوگی، ملزم کی ضمانت کے لیے کوئی شواہد نہیں، ملزمان ضمانت کے حقدار نہیں ہیں۔
Load Next Story