وفاق نے جیو کی سپریم کورٹ میں دائر درخواست کی مخالفت کردی
وفاق نے جیو کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر آئینی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے اسے خارج کرنے کی اپیل کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اٹارنی جنرل آفس نے جیو کی جانب سے آئینی درخواست دائر کرنے پر جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ توہین آمیز پروگرام نشر کرنے پر جیو کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں مقدمات کا اندراج انفرادی معاملہ ہے جبکہ توہین آمیز پروگرام کے نتیجے میں عوام کے جذبات مجروح ہوئے تاہم درخواست گزار کی داد رسی کے لئے مناسب فورم موجود ہیں۔
وفاق کے جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ جیو کے خلاف مختلف جگہوں پر درج ایف آئی آر کو یکجا کرنے کا مناسب فورم نہیں۔ اٹارنی جنرل آفس کے توسط سے دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جیو کی آئینی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر اسے مسترد کیا جائے۔
واضح رہے کہ جیو کے مارننگ شو جس کی میزبانی شائستہ واحدی کرتی تھیں انہوں نے اپنے پروگرام میں وینا ملک اوران کے شوہر اسد خٹک کو مدعو کیا اورپروگرام میں وینا کی شادی کی رسومات ادا کی گئیں جس دوران یہ رسومات ادا کی جارہی تھیں اس وقت ایک قوالی پیش کی گئی جس میں اہل بیت کا ذکر تھا اوراس قوالی کے دوران پروگرام میں شامل افراد نہ صرف ہلہ گلہ کیا بلکہ ایسی حرکتیں بھی کیں جس سے شعائراسلام کا مذاق اڑایا گیاْ۔