سانحہ لاہور پر وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ کو ہٹایا نہیں بلکہ ہنی مون پر بھیجا گیا ہے طاہرالقادری
پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ہٹایا نہیں بلکہ ہنی مون پر بھیج دیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ رانا ثنا للہ کا استعفی ناکافی ہے، انہیں عہدے سے ہٹایا نہیں بلکہ چھٹیوں پر ہنی مون منانے کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 17 جون کو تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں پر فائرنگ کا حکم وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے دیا، پنجاب میں گلو بٹوں کی حکومت کا راج ہے اورمیری درخواست ہے کہ سپریم کورٹ سانحہ لاہور کی آزادانہ تحقیقات کرائے۔
اس سے قبل لاہور میں سیاسی جماعتوں کے وفود سے کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ لاہور میں ہمارے 100 کارکن اب بھی زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا اور کئی لاپتا ہیں جبکہ کئی افراد کی میتیں بھی غائب کردی گئی ہیں،اتنی بڑی بربریت اور دہشت گردی 65 سالوں میں کبھی نہیں دیکھی،کیا رات کے اندھیرے میں لوگوں کو گولیاں مارنے کا نام ہی جمہوریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پر کسی پولیس اہلکار سے انتقام نہیں لیں گے اب صرف انقلاب آئےگا۔