مہنگائی کی شرح میں کمی کے باوجود 19اشیاء کے نرخ بڑھ گئے

حالیہ ہفتے کے دوران 12 اشیائے ضروریہ سستی اور 19 اشیا مہنگی ہوئیں، وفاقی ادارہ شماریات

(فوٹو: فائل)

ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے، حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید 0.34 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح کم ہوکر 21.31 فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران دودھ، دہی،گوشت اور سگریٹ سمیت 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، اور آلو، انڈے،گوشت سمیت 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ 21اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق حالیہ ہفتے میں لہسن کی قیمتوں میں7.87 فیصد، چکن 5.92 فیصد ، آٹا4.66 فیصد ،ایل پی جی 3.23 فیصد ،پیاز 1.99 فیصد ،انڈے 1.22 فیصد ، باسمتی ٹوٹا چاول1.12 فیصد ، دال مسور 0.65 فیصد اورآگ جلانے والے لکڑی کی قیمتوں میں0.04 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔


اسی طرح مٹن کی قیمتوں میں0.25 فیصد ،بیف 0.49 فیصد ،انرجی سیور0.44 فیصد ، دال چنا0.42 فیصد ،خشک دودھ 0.37فیصد ،چائے 0.30 فیصد ،سگریٹ 0.13 فیصد ،تازہ کھلے دودھ کی قیمتوں میں0.06 فیصد ،دہی 0.11 فیصد اور گڑ کی قیمتوں میں0.22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 14.49فیصد رہی ہے۔

اسی طرح 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 18.10فیصد اور 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 24.62فیصد رہی ہے۔

29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 22.11فیصد جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 19.20فیصدرہی ہے۔
Load Next Story