سرکاری افسران کا پرائیویٹ گاڑیوں پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹس لگانے کا انکشاف

متعلقہ افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، چیف سیکرٹری کی جانب سے تمام سرکاری محکموں کو مراسلہ ارسال

(فوٹو: فائل)

سندھ میں سرکاری افسران کی جانب سے غیر رجسٹرڈ اور پرائیویٹ گاڑیوں پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹس لگاکر چلانے کا انکشاف ہوا ہے۔


چیف سیکرٹری کی جانب سے تمام سرکاری محکموں کے سربراہوں کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔ محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈی نیشن کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے کے مطابق یہ ایک بہت بڑا مجرمانہ عمل ہے، جس پر متعلقہ افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔



مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری افسران غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے علاوہ پرائیویٹ گاڑیوں پر بھی جعلی سرکاری نمبر پلیٹس لگاکر چلارہے ہیں۔


چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات بورڈ، تمام محکموں کے سیکرٹریز اور آئی جی کو بھی مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ صوبہ بھر کے تمام ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو بھی مراسلہ بھیجا گیا ہے۔


چیف سیکرٹری سندھ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ افسران کے خلاف مس کنڈکٹ کی کارروائی کی جائے۔ کسی محکمے کے افسر کی گاڑی پر سرکاری نمبر پلیٹ نہیں لگنی چاہیے جو رجسٹرڈ نہیں۔

Load Next Story