کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے مختلف علاقوں میں احتجاج

صدر ایمپریس مارکیٹ اور گلشن ڈسکو بیکری کے قریب مشتعل افراد نے ٹائر جلاکر سڑکوں کو بند کردیا، شدید ٹریفک جام

فوٹو: فراہم کردہ

شہر میں بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

بجلی کی سفاکانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف صدر ایمپریس مارکیٹ اور گلشن ڈسکو بیکری کے قریب علاقہ مکینوں اور دکانداروں نے احتجاج کر کے ٹریفک معطل کر دیا۔

ایمپریس مارکیٹ کے قریب احتجاج سے شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مشتعل افراد کی جانب سے ٹائروں اور دیگر اشیا کو بھی نذر آتش کیا گیا۔


احتجاج کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس اور ٹریفک پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین کو بات چیت کے بعد پرامن طور پر منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا۔

گلشن اقبال ڈسکو بیکری سگلنل کے قریب علاقہ مکینوں نے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑک کے دونوں ٹریک بند کر دیئے اور کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے لگائے۔

اس موقع پر مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ نیپرا کا شدید گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر آنکھیں بند کرلینا انتہائی حیران کن ہے، ایسا لگتا ہے نپیرا حکام کے الیکٹرک کے سامنے بے بس ہیں۔
Load Next Story