آپریشن ضرب عضب قبائلی عمائدین کی پاک فوج کو مکمل تعاون کی یقین دہانی
شمالی وزیرستان کے قبائلی عمائدین نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کو مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میرانشاہ، میرعلی، دتہ خیل کے قبائلی عمائدین نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قبائلی عمائدین نے یقین دلایا ہے کہ دہشتگردوں کو واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
واضح رہے کہ حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 6 روز قبل شروع کئے جانے والے آپریشن ضرب عضب میں اب تک 250 سے زائد دہشت گرد ہلاک اور ان کے درجنوں ٹھکانے تباہ ہو چکے ہیں جب کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کے 8 جوان بھی جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے باعث اب تک 2 لاکھ سے زائد لوگ بنوں اور دیگر علاقوں میں نقل مکانی کر چکے ہیں۔