بھارتی الیکشن نتائج بی جے پی اتحاد نے سادہ اکثریت حاصل کرلی

عوام نے ایک بار پھر ہم پر بھروسہ کرتے ہوئے بھارت مخالف لوگوں کو مسترد کردیا، کارکنوں سے خطاب

فوٹو : فائل

بھارت میں ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اتحادی جماعتوں این ڈی اے نے حکومت بنانے کیلیے سادہ اکثریت حاصل کرلی۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق لوک سبھا کے انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک سامنے آنے والے حتمی نتائج کے مطابق 543 نشستوں میں سے 291 پر این ڈی اے کے امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ انہیں 5 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کانگریس اور دیگر جماعتوں کے اتحاد انڈیا نے اب تک 215 نشتیں جیت لیں اور اُسے 15 پر برتری حاصل ہے۔ اس کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں نے 17 نشستیں حاصل کیں اور انہیں ایک پر برتری حاصل ہے۔

عوام نے بھروسہ کیا، تیسری بار حکومت بنانے جارہے ہیں، مودی

قبل ازیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ اور وزیر اعظم مودی نے لوک سبھا کے الیکشن میں اکثریت حاصل کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ڈی اے تیسری بار حکومت بنانے جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی الیکشن میں مودی کی برتری کو بڑا دھچکا؛ اسٹاک مارکیٹ کریش


کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ 'عوام نے ایک بار پھر ہم پر بھروسہ کیا، آج بڑا دن ہے کیونکہ این ڈی اے تیسری بار حکومت بنانے جارہی ہے، الیکشن نتائج سامنے آنے کے بعد دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی جیت ہوئی'۔

مودی نے کہا کہ یہ دراصل چالیس کروڑ بھارتیوں کی جیت ہے کیونکہ ایک بار پھر عوام نے این ڈی اے کو بھاری اکثریت دے کر کامیاب بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سمیت ہم نے مشکل وقت میں وہ فیصلے کیے جو قوم اور بھارت کیلیے بہتر تھے۔

بھارتی وزیر اعظم نے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر الیکشن کمیشن اور انتخابی امور انجام دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتنی گرمی میں سب نے بہترین کام کیا۔

مودی نے بتایا کہ ریاست کیرالہ اور اڑیسہ میں بھی ہم نے واضح اکثریت حاصل کرلی ہے جہاں پہلی بار ہم وزیراعلیٰ لانے کی مضبوط پوزیشن میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی عوام نے فیصلہ سنادیا وہ مودی کی حکومت نہیں چاہتے؛ راہول گاندھی

بھارت میں ہونے والے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد این ڈی اے نے سادہ اکثریت حاصل کرلی۔

خیال رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 272 نشستیں حاصل کرنے والی جماعت حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوگی۔
Load Next Story