ہماری اداکاراؤں نے بالی ووڈ جاکر پاکستان کا نام ڈبویا بہروز سبزواری

اگر آج فواد خان بالی ووڈ فلمیں کررہے ہوتے تو وہ بالی ووڈ خانز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ون اسٹار بن جاتے، بہروز

بہروز سبزواری نے فواد خان اور جاوید شیخ کے بالی ووڈ میں کام کی تعریف کی : فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار بہروز سبزواری نے کہا ہے کہ پاکستانی اداکاراؤں نے بالی ووڈ میں کام کرکے اپنے ملک کا نام ڈبویا۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بہروز سبزواری نے کہا کہ فواد خان بھارت گئے، وہاں جاکر اُنہوں نے بالی ووڈ میں شاندار کام کیا، اگر وہ آج بھی بالی ووڈ فلمیں کررہے ہوتے تو میں دعوے سے کہتا ہوں کہ وہ تمام بالی ووڈ خانز کو پیچھے چھوڑ دیتے اور بالی ووڈ کے نمبر ون اسٹار بن جاتے۔

بہروز سبزواری نے کہا کہ فواد خان کے علاوہ جاوید شیخ نے بھی بالی ووڈ میں بڑا نام کمایا اور ہماری چند اداکاراؤں نے بھی بالی ووڈ فلمیں کیں لیکن اُنہوں نے اپنے کام سے پاکستان کا نام روشن کرنے کے بجائے اپنے ملک کا نام ڈبویا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی ریلیز سے پابندی ہٹا دینی چاہیے، جب یہاں کے سینما گھروں میں بھارتی فلمیں لگیں گی تو اُس کے بعد لالی ووڈ میں بھی مزید بہترین فلمیں بنیں گی اور لوگ یہاں زیادہ سے زیادہ نئے سینما گھر بھی بنائیں گے۔

اداکار نے کہا کہ بھارتی فلموں کی پاکستان میں ریلیز کی وجہ سے ہمارے سینما گھر بھی بھرے ہوئے نظر آئیں گے کیونکہ پاکستانی شائقین بھی بھارتی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔

پوڈکاسٹ کے میزبان نے بہروز سبزواری سے پوچھا کہ کیا بھارت کو اپنے ملک میں پاکستانی فلمیں ریلیز نہیں کرنی چاہئیں؟ جس پر اداکار نے کہا کہ جس دن ہماری فلمیں اس قابل ہوجائیں گی تو اُس وقت بھارتی سینما گھروں میں بھی پاکستانی فلمیں ریلیز ہوں گی۔

بہروز سبزواری نے مزید کہا کہ پاکستان کی واحد فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' نے دُنیا بھر میں شہرت حاصل کی ہے اور اربوں روپے کمائے ہیں۔








View this post on Instagram


A post shared by Galaxy Lollywood (@galaxylollywood)





؎
Load Next Story