حافظ گل بہادر گروپ کا آپریشن ضرب عضب کے دوران مزاحمت نہ کرنے کا اعلان

10 شوال المکرم تک ہم پاک فوج کے کسی بھی اقدام پر مزاحمت نہیں کریں گے، طالبان کمانڈر کی جرگے کو یقین دہانی

عام لوگوں کے تحفظ کے پیش نظر خاموشی اختیار کئے رکھی، حافظ گل بہادر فوٹو: فائل

شمالی وزیرستان میں مقامی تحریک طالبان کے امیر حافظ گل بہادر نے اتمانزئی امن جرگہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد 10 شوال تک فوجی آپریشن کے دوران کوئی مزاحمت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


اتمانزئی امن جرگہ کے ترجمان نیک محمد فدا نے ''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امن جرگہ نے حافظ گل بہادر گروپ کی شوریٰ کے اراکین سے مذاکرات کئے، جس میں حافظ گل بہادر نے بتایا کہ جب سے آپریشن شروع ہوا ہے ان کے گروپ نے پاک فوج کے کسی بھی اقدام پر مزاحمت نہیں کی اور عام لوگوں کے تحفظ کے پیش نظر خاموشی اختیار کئے رکھی۔

طالبان کمانڈر کا کہنا تھا کہ 10 شوال المکرم تک ان کی جانب سے کوئی مزاحمت نہیں ہوگی تاہم ہماری آئندہ کی حکمت عملی کا انحصار حکومت کے رویے پر ہوگا، انھوں نے کہا کہ آپریشن کو اہداف تک محدود رکھا جائے تاکہ عام لوگوں کا غیرضروری نقصان نہ ہو، انھوں نے کہا کہ اتمانزئی امن جرگہ کی کوششوں سے شمالی وزیرستان کا امن جلد بحال ہوگا، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ امن جرگہ پولیٹیکل اور عسکری حکام کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہے۔
Load Next Story