ملک کے مختلف حصوں میں سورج آج بھی آگ برساتا رہا دادو کا پارہ 48 تک پہنچ گیا

سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ، کراچی 36،سکھر، لاڑکانہ، تربت اور سبی میں 45 ڈگری ریکارڈ

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، اسلام آباد، روالپنڈی،لاہور، گوجرانولہ، فیصل آباد اور ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات فوٹو؛فائل

ملک کے مختلف حصوں میں سورج آج بھی آگ برساتا رہا جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہونے کے ساتھ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت آج دادو میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہید بینظیر آباد میں 47، موہنجودڑو، روہڑی46، پڈعیدن، سکھر، لاڑکانہ، تربت اور سبی میں 45 اور کراچی میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آبار، راولپنڈی، بہاولپور، ساہیوال ، سرگودھا، کوئٹہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا، سب سے زیادہ بارش مری میں 41 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اسی طرح راولا کوٹ میں 30، راولپنڈی 16، کوٹلی 13، خانپور 11، بارکھان 10، ساہیوال،3 اور مظفرآباد میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، اسلام آباد، روالپنڈی،لاہور، گوجرانولہ، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال اور ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے جبکہ ملتان، ڈیرہ غازی خان ، بہاولپور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بھی بارش ہوسکتی ہے۔

Load Next Story