کراچی میں دو ماہ کیلئے سمندر میں نہانے پر پابندی

سمندر پر نہانے پر 14 جون سے 13 اگست تک پابندی ہوگی اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی، کمشنر کراچی

کمشنر کراچی نے پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کردی ہے—فوٹو: فائل

کمشنر کراچی نے سمندر میں تیز ہواؤں اور طغیانی کے خدشات کے پیش نظر سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت دو ماہ کے لیے پابندی عائد کردی اور خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔

کمشنر کراچی حسن نقوی کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق سمندر میں تیز ہواؤں کے ساتھ طغیانی کا امکان ہے جس کی وجہ سے نہانے پر پابندی عائد کر دی ہے، سمندر کی حدود میں دفعہ 144 نافذکر دی گئی ہے۔

نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ پابندی 2ماہ کے لیے لگائی ہے، جس کا اطلاق 14جون سے 13اگست تک ہوگی اور ان دو ماہ کے دوران سمندر پر نہانے پر پابندی ہوگی۔


مزید کہا گیا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کارروائی کرے گی اور پابندی پر ہرصورت عمل درآمد کرایا جا ئے گا تاکہ کو ئی جانی نقصان نہ ہو۔

نوٹیفکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ سمندر میں نہانے پر یہ پابندی شہریوں کی جان کو کسی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے عائد کی گئی ہے۔

کمشنرکراچی حسن نقوی نے شہریوں سے اپیل کی کہ ان دنوں میں سمندر تیز ہوتا ہے لہٰذا سمندر پر نہانے سے پرہیز کریں۔
Load Next Story