یوکرین میں روس نواز باغیوں نے فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا 9 اہلکار ہلاک
یوکرین میں روسی نواز باغیوں نے فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا جس کے نتیجے میں 9 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے مشرقی علاقے میں فوج اور روس نواز باغیوں کے درمیان جاری جھڑپوں میں شدت آگئی اور مسلسل 3روز سے جاری لڑائی کے دوران 50 سے زائد باغی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ تازہ کارروائی میں روسی نواز باغیوں نے فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا جس کے نتیجے میں 9 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب وزارت دفاع کے ترجمان نے اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فوجی ہیلی کاپٹر " ایم آئی- 8 " میں سوار 9 فوجی معمول کی پرواز پر تھے جنہیں مشرقی علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ یوکرین کے مشرقی علاقوں میں روس نواز باغیوں کا کنٹرول ہے جبکہ حکومت کی جانب سے باغیوں کو پسپا کرنے کے لئے فوجی کارروائی کی جارہی ہے۔